News Details

12/03/2022

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ لوئر دیر کی عوام نے پاکستان تحریک انصاف کے جلسے میں بھر پور شرکت کرکے 31 مارچ کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے لئے پاکستان تحریک انصاف کے حق میں فیصلہ سنادیا ہے

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ لوئر دیر کی عوام نے پاکستان تحریک انصاف کے جلسے میں بھر پور شرکت کرکے 31 مارچ کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے لئے پاکستان تحریک انصاف کے حق میں فیصلہ سنادیا ہے اس عظیم الشان جلسے کے انعقاد پر میں دیر کے عوام اور پارٹی کارکنان کا تہہ دل سے مشکور ہوں۔ جلسے میں لوگوں اور کارکنان کے جوش و جذبے نے ثابت کردیا کہ دیر سمیت خیبر پختونخوا کی عوام کل بھی کپتان کے ساتھ تھی، آج بھی کپتان کے ساتھ ہے اور آئندہ بھی کپتان کے ساتھ ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز ضلع لوئر دیر کے ہیڈکوارٹر تیمرگرہ میں پاکستان تحریک انصاف کے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پاکستان تحریک انصاف بھر پور کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ ان انتخابات میں پارٹی کے امیدوار کو کامیاب کرایں۔ وزیر اعلی نے پارٹی کے آزاد امیدواروں کو خبردار کیا کہ وہ پارٹی فیصلوں کی پاسداری کرتے ہوئے جلد پارٹی امیدواروں کے حق میں دستبردار ہوجائیں ورنہ ان کے خلاف پارٹی ڈسپلن کے تحت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ محمود خان نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے تناظر میں انتخابی ضابطہ اخلاق کے پیش نظر وہ علاقے کے لئے کوئی نئے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان نہیں کرسکتے لیکن یقین دلاتے ہیں کہ پہلے سے منظور شدہ تمام منصوبوں پر ہر صورت عملدرآمد کیا جائے گا جن میں دیر موٹروے، گوپلم ایریگیشن اسکیم، تیمرگرہ واٹر سپلائی اسکیم، اسپورٹس کمپلیکس، بائی پاس روڈ، دیر میڈیکل کالج، دیر یونیورسٹی اور دیگر منصوبے شامل ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ سارے لٹیرے حکومت کے خلاف اکھٹے ہوئے ہیں لیکن ان سب کے لئے ایک بیٹ ہی کافی ہے، جو لوگ حکومت گرانے کی باتیں کر رہے ہیں ان کو منہ کی کھانی پڑے گی۔ جلسے سے وزیر اعظم پاکستان عمران خان ،وفاقی وزراءشاہ محمود قریشی، مراد سعید اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔