News Details

08/03/2022

خیبرپختونخوا میں محکمہ کھیل، سیاحت، ثقافت ، آرکیالوجی اور امور نوجوانان کے تحت مجموعی طور پر 124 مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے جن کے لئے رواں مالی سال کے بجٹ میں ساڑھے چودہ ارب روپے مختص کئے گئے ہیں

خیبرپختونخوا میں محکمہ کھیل، سیاحت، ثقافت ، آرکیالوجی اور امور نوجوانان کے تحت مجموعی طور پر 124 مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے جن کے لئے رواں مالی سال کے بجٹ میں ساڑھے چودہ ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ان منصوبوں میں سے 33 منصوبے تکمیل کے مراحل میں ہیں جو جون 2022 تک مکمل کر لئے جائیں گے۔ یہ بات پیر کے روز وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت محکمہ کھیل و سیاحت کے ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس میں بتائی گئی۔ صوبائی وزیر کامران بنگش،چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد بنگش،وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان،سیکرٹری جنگلات عابد مجید،سیکرٹری سیاحت عامر ترین اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو صوبے میں محکمہ کھیل و سیاحت کے تحت تکمیل کے قریب منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ رواں سال جون تک 33 منصوبے مکمل کرلئے جائیں گے جن میں ہزارہ میوزیم کی تعمیر ، سوات ، چترال ، مردان، ہنڈ، دیر اور بنوں میوزیم کیمپسز کی ترقی ، آرکیالوجیکل کمپلیکس گورگھٹڑی، کوہاٹ ، ڈی آئی خان اور بنوں میں میں تین ایتھلیٹکس ٹریکس کی فراہمی ، ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر ، سوات میں ہاکی ٹرف کا قیام ، ضلع کرم ، باجوڑاور خیبرمیں کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی کے منصوبے ، ضلع ٹانک میںمنی سپورٹس سٹیڈیم کی تعمیر ، اورکزئی میں سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر ، ضم اضلاع میں سپورٹس اکیڈمیز کا قیام ، ٹوورسٹ فسیلیٹیشن سنٹرز اور ریسٹ ایریا ز کا قیام کے علاوہ دیگر منصوبے بھی شامل ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے لئے مختلف اہم منصوبوں کا انتخاب کیا گیا ہے ، جن میں صوبے میں ایک ہزار کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی، حیات آباد سپورٹس کمپلیکس کی اپگریڈیشن ، خیبرپختونخوا انٹیگریٹڈ ٹووازم پروجیکٹ ، کالام اور ملاکنڈ ڈویڑنز میں رابطہ سڑکوں کی تعمیر ، صوبے میں سیاحتی مقامات کا قیام ، یونین کونسل کی سطح پر کھیلوں کے گراونڈز کی تعمیر اور دیگر شامل ہیں۔ اجلاس کے شرکائ کو صوبائی حکومت کے دیگر فیصلوں پر عملدرآمد پر پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ صوبے میں لگائے گئے کیمپنگ پوڈزکی آوٹ سورسنگ کے لئے ٹیکنیکل بڈزکی ایوالویشن مکمل ہوگئی ہے اور فنانشل بڈز پر کام جاری ہے اور رواں ماہ کے آخر تک معاہدے پر دستخط کر دئیے جائیں گے۔ صوبے میں ٹووارزم زونز کے قیام کے بارے میں بتایاگیا کہ چار اینٹیگریٹڈ ٹووارزم زونز کے ماسٹر پلانز ورلڈ بینک کو بھیج دئیے گئے ہیں جبکہ تین مقامات کو اینٹیگریٹڈ ٹووارزم زونز ڈکلیئر کرنے کے لئے صوبائی کابینہ نے منظوری دیدی ہے۔ اجلاس کو کمراٹ کیبل کار منصوبے پر پیشرفت کے حوالے سے بتایا گیا کہ رواں سال اگست تک منصوبے کی پری فزبیلیٹی مکمل کرلی جائے گی۔ صوبے میں سیاحت اور کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کو اپنی حکومت کی اہم ترجیحات کا حصہ قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے واضح کیا ہے کہ ان منصوبوں کی بروقت تکمیل پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ اس سلسلے میں تمام متعلقہ محکمے اپنے اپنے حصے کی ذمہ داریا ں پوری کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائےں، کوتاہی یا غفلت کی صورت میں متعلقہ محکموں کے ذمہ داروں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کی بحالی کے منصوبے پر کام کی رفتار پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ جون 2022 تک اس منصوبے کی تکمیل کے لئے ٹھوس اور نتیجہ خیز اقدامات اٹھائے جائیں۔