News Details

04/03/2022

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ وہ بحیثیت وزیراعلیٰ صوبے کے تمام اضلاع اور حلقوں کو ایک ہی نظر سے دیکھتے ہیں

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ وہ بحیثیت وزیراعلیٰ صوبے کے تمام اضلاع اور حلقوں کو ایک ہی نظر سے دیکھتے ہیں ، ان کی حکومت تمام علاقوں کی یکساں بنیادوں پرترقی کیلئے نہ صرف پرعزم ہے بلکہ اس مقصد کیلئے ٹھوس اقدامات بھی اُٹھار ہی ہے ۔ صوبے کے دیگر علاقوں کی طرح دیر اپر کی پائیدار بنیادوں پر ترقی اور علاقے کے عوامی مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے اور آنے والے دنوں میں ان اقدامات کے نتائج عوام کے سامنے آئیں گے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوںنے جمعرات کے روز اپر دیر کے سلطان خیل ِ، پائندہ خیل کے عمائدین پر مشتمل ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے اپر دیر سے منتخب رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ صبغت اﷲ کی قیادت میں اُن سے ملاقات کی اور علاقے خصوصاً کارو درہ میں عوامی فلاح و بہبود سے متعلق اُمور پر تبادلہ خیال کیا اور علاقے کے لوگو ں کو درپیش مسائل سے اُنہیں آگاہ کیا۔ ملک جمال الدین، ملک عمر زمین، ملک جمشید خان، فرہاد علی خان، اصغر شنواری، بہادر زیب اور دیگر وفد میں شامل تھے۔وفد کو علاقے کے عوامی مسائل حل کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اُٹھانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ وہ آنے والے بلدیاتی انتخابات کے تناظر میں الیکشن کمیشن کے انتخابی ضابطہ اخلاق کی پاسداری کرتے ہوئے اس وقت علاقے کیلئے کسی ترقیاتی منصوبے کا اعلان نہیں کر سکتے ۔ تاہم ان انتخابات کے فوری بعد علاقے کا دورہ کرکے اُن کے مسائل کے حل اور علاقے کی ترقی کیلئے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ماضی میں دیر کی تعمیر و ترقی پر کوئی خاص توجہ نہیں دی گئی لیکن وہ بحیثیت وزیراعلیٰ دیر کو سوات سے زیادہ اہمیت دے رہے ہیں اور دیر کی ترقی کیلئے متعد د اہم منصوبوں پر کام جاری ہے جن کی تکمیل سے علاقہ ترقی کی راہ پر گامزن ہو جائے گا ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ عنقریب وزیراعظم عمران خان دیر کا دورہ کرکے ایک عظیم الشان عوامی جلسے سے خطاب کریں گے ۔ اُنہوںنے وفد کے ارکان پر زور دیا کہ وہ آنے والے بلدیاتی انتخابات میں علاقے کے بہتر مفاد میں پاکستان تحریک انصاف کا ساتھ دیں انشاءاﷲ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اُنہیں مایوس نہیں کرے گی ۔ اُنہوںنے پارٹی کارکنان پر بھی زور دیا کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں ، بلدیاتی انتخابات کی بھر پور تیاری کریں، باہمی اختلافات اورذاتی پسند و ناپسند کو پس پشت ڈال کر پارٹی کے فیصلوں پر سرتسلیم خم کریں ۔ وفد کے ارکان نے علاقے کی تعمیر و ترقی میں خصوصی دلچسپی لینے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔