News Details
02/03/2022
انتہائی مشکل صورت حال کے باوجود وزیراعظم نے عام آدمی کیلئے تاریخی ریلیف کا اعلان کرکے سب کے دل جیت لئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ محمود خان
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے موجودہ مہنگائی میں عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے وزیر اعظم عمرا ن خان کے اعلان کردہ پیکج کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتہائی مشکل صورت حال کے باوجود وزیراعظم نے عام آدمی کیلئے تاریخی ریلیف کا اعلان کرکے سب کے دل جیت لئے ہیں جس کیلئے وزیراعظم مبارکباد کے مستحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک تاریخی ریلیف پیکج ہے جس کا براہ راست فائدہ عوام کو پہنچے گا۔اس طرح کے ریلیف پیکج کی ملکی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ایسی ریلیف وہی لیڈر دے سکتا ہے جس کے دل میں عوام کا درد ہو اور وزیراعظم عمران خان وہ واحد لیڈر ہیں جو صحیح معنوں میں عوام کا سوچتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں حکومت عوام کیلئے اس طرح کے مزید بھی ریلیف اقدمات اٹھائے گی جس سے مہنگائی کا واویلا کرنے والوں کے پراپیگنڈے ضائع ہو جائیں گے۔یہ بات بیرسٹر محمد علی سیف معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ خیبر پختونخوا نے صوبائی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔صوبائی کابینہ کا66واں اجلاس منگل کے روزوزیراعلیٰ خیبر پختوا کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کابینہ کے اراکین، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیواور انتظامی سیکرٹریوں نے شرکت کی۔بیرسٹر نے کہا کہ خیبر پختونخوا کا بینہ نے ضم شدہ اضلاع میں جاری انقلابی اقدامات کو مدنظر رکھتے ہوئے سابقہ فاٹا کے باقی ماندہ پندرہ پراجیکٹس کے 630ملازمین کو مستقل کرنے کی منظوری دے دی جبکہ اس سے پہلے سابقہ فاٹا کے ہزاروں ملازمین کو حکومت نے مستقل کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی کا بینہ نے صوبے میں سرمایہ کاری اور کاروبار کے فروغ کے لیے ساز گار ماحول یقینی بنانے اور کمرشل اور کاروباری تنازعات کے فوری حل کے لیے کمرشل کورٹس کے قیام کے لیے مسودہ قانون ©"پختونخوا ریزالوشن آف کمرشل ڈسپیوٹس بل 2021 " (Khyber Pakhtunkhwa Resolution of Commercial Disputes Bill 2021)کی منظوری دے دی ہے۔ واضح رہے کہ کمرشل تنازعات اور کورٹس پر دیگر کیسز کے دباو ¿ کے سبب تاخیر سے فیصلے ہونے کی وجہ سے کاروبار اور کمرشل سرگرمیوں پر منفی اثرات مرتب ہوتے تھے جس کے لیے علیحدہ کورٹس اورساتھ ساتھ عدالتوں سے باہر باہمی افہام و تفہیم سے تنازعات کے حل کے لیے قانون سازی بہت ضروری تھی جس کی آج منظوری دی گئی۔ اِس اقدام سے صوبے میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں بڑی مدد ملے گی۔ معاون خصوصی نے کہا کہ صوبائی کا بینہ نے عوام کی سہولت کی خاطر ای اسٹامپ پیپر کے اجراءکی منظوری دے دی۔ اس اقدام سے نہ صرف عوام با آسانی اسٹامپ پیپر حاصل کرسکیں گے بلکہ اس میں شفافیت کے ساتھ ساتھ ریونیو میں بھی اضافہ ہوگا۔ صوبائی اسمبلی سے مزکورہ ایکٹ پاس کرایا گیا تھا۔صوبائی کابینہ نے آج ایکٹ کے تحت خیبر پختونخوا ای اسٹامپ پیپر رولز 2021ءکی بھی منظوری دی۔ رولز کے تحت ای اسٹامپ پیپر کے اجراءفیس جمع کرنے کا طریقہ کا ر، ای اسٹامپ پیپر کی تصدیق ، منسوخی ، ای چالان کے لیے طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی کا بینہ نے لاءآفیسرز جس میں ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل ، اسسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل اور ایڈوکیٹ آن ریکارڈ شامل ہیںکیلئے مختلف الاوئنسز جس میں ہاو ¿س رینٹ ، سپریم کورٹ کی فیس، ٹی ائے ڈی اے میڈیکل الاوئنسز ، ٹیلیفون کی سہولت وغیرہ شامل ہیں، کی مراعات کو دیگر صوبوں کے برابر لانے کے لیے ان الاوئنسز میں اضافے کی منظوری دے دی۔بیرسٹر نے کہا کہ صوبائی کا بینہ نے خواتین کی جائز حقوق کے لیے خاتون محتسب کا تقررعمل میں لایا تھا۔ تاہم کچھ قانونی پیچیدگیوں کی وجہ سے انہیں الاونس نہیں ملے۔ جس کا کیس محکمہ قانون نے آج منظوری کے لیے پیش کیا۔ صوبائی کا بینہ نے خاتون محتسب کے لیےMP-IIسکیل کے برابر الاونسز کی فراہمی کی منظوری بھی دی۔ صوبائی کا بینہ نے ضم شدہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو جسٹس آف پیس کے اختیارات دینے کی منظوری دِی۔ ان اختیارات کی فراہمی سے ضم اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز پولیس کے بعض اختیارات استعمال کرنے کے مجاز ہوں گے تاکہ ضم اضلاع میں امن وامان یقینی بنایا جاسکے۔ صوبائی کابینہ نے سکھی کناری ہائیڈرو پاور پراجیکٹس بجلی کی ترسیل کیلئے پولز اور ٹرانسمیشن لائنز جنگلاتی رقبہ سے گزارنے کے سلسلے میں این او سی جاری کرنے کی منظوری دیدی۔این ٹی ڈی سی ٹرانسمیشن لائن بچھانے کی نتیجے میں جنگلات کو پہنچنے والی نقصانات کے ازالے کیلئے ہر قسم کے اخراجات برداشت کرے گی،مزید درخت لگائے گی اور درخت لگانے کیلئے متبادل زمین فراہم کرے گی۔صوبائی کابینہ نے پشاور یونیورسٹی اور عبدلولی خان یونیورسٹی مردان کیلئے بہترین مالیاتی نظم و ضبط اور اچھی کارکردگی پر پچاس پچاس ملین روپے گرانٹ کی بھی منظوری دیدی جبکہ صوبے کے دیگر یورسٹیوں کیلئے اسی طرح پرفارمنس گرانٹ اور درپیش مالی بحران کے حل کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔صوبائی کا بینہ نے محال تیرائی میں 10کینال اراضی محکمہ فشریز کو منتقل کرنے کی منظوری دِی۔ صوبائی کا بینہ نے پولیس پوسٹ مصری بانڈہ نوشہرہ کو باقاعدہ پولیس اسٹیشن کا درجہ دینے اور پولیس اسٹیشن کے لیے 12کینال اراضی کی فراہمی کی منظوری دِی۔ صوبائی کا بینہ نے خیبر پختونخوا اوورسیز پاکستانیز کمیشن بل 2022ءسے اتفاق کرتے ہوئے اسے مزیدبہتر بنانے کیلئے کابینہ کمیٹی کے حوالہ کرنے کی منظوری دیدی۔کمیٹی میں صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا ، وزیر خوراک و آئی ٹی عاطف خان اور وزیر محنت شوکت علی یوسفزئی شامل ہوں گے۔واضح رہے کہ وفاقی کابینہ نے وفاقی معاون خصوصی برائے اوور سیز پاکستانیز کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی تھی جس نے اپنی سفارشات میں صوبائی سطح پر اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے فوری حل کیلئے صوبائی سطح پر اقدامات اٹھانے کا کہا تھا۔صوبائی کا بینہ نے صوبائی ہائی ویز اتھارٹی کو صوبے بشمول ضم اضلاع میں ہائی ویز سڑکوں اور پلوں کی تعمیر کے لیے بجٹ 2021-22کی منظوری اور مختلف مدت میں 25921.052ملین روپے کی فراہمی کی بھی منظوری دے دی۔