News Details

27/02/2022

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ تعلیم کا فروغ شروع دن ہی سے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست رہی ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ تعلیم کا فروغ شروع دن ہی سے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست رہی ہے ۔ پی ٹی آئی حکومت صوبے میں برسراقتدار آتے ہی تعلیمی ایمرجنسی نافذ کردی جس کے تحت تعلیم کے شعبے کو مستحکم کرنے کیلئے اقدامات کا ایک سلسلہ شروع کیا گیا اور ان اقدامات کے نتیجے میں صوبے میں سرکاری سکولوں کا معیار خاطر خواہ حد تک بہتر ہو گیااور عوام کا اعتماد سرکاری تعلیمی اداروں پر بحال ہو گیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوںنے ہفتے کے روز گیریژن کیڈٹ کالج کوہاٹ کے 26 ویں سالانہ یوم والدین کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اُنہوںنے کہاکہ ملک میں یکساں نصاب تعلیم پالیسی کا کریڈٹ موجودہ حکومت اور وزیراعظم عمران خان کو جاتا ہے ، صوبائی حکومت اس پالیسی پر عمل درآمد کیلئے ٹھوس اقدامات اُٹھارہی ہے اور انشاءاﷲ اس پالیسی کے نفاذ سے معاشرے میں امیر و غریب کا فرق ختم ہو جائے گا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ نوجوان موجودہ حکومت کی ترجیحات کا محور ہیں ، صوبائی حکومت نے نوجوانوں خصوصاً نئے گریجویٹس کو انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں بین الاقوامی معیار کی تربیت دینے کیلئے 5 ارب روپے کی لاگت سے ڈیجیٹل اسکلز پروگرام تیار کرلیا ہے جس کے تحت نوجوانوں کو دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق جدید ڈیجیٹل اسکلز سکھائی جائیں گی جس کے نتیجے میں نوجوان اپنے گھر بیٹھے باعزت طریقے سے روزگار کمانے کے قابل ہو سکیں گے ۔ گریژن کیڈٹ کالج کوہاٹ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اُنہوںنے کہاکہ ادارے نے قلیل مدت میں ملک کے صف اول کے تعلیمی اداروں میں اپنا مقام بنا لیا ہے اور ایک مثالی ادارے کی حیثیت سے اُبھر کر سامنے آیا ہے جس کے لئے کالج انتظامیہ خراج تحسین کی مستحق ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ادارہ کیڈٹس کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان میں نظم و ضبط پید اکرنے، اُن کی جسمانی و اخلاقی تربیت کرنے ، اُن کی کردار سازی کرنے اور اُنہیں محب وطن شہری بنانے کیلئے اہم کردار ادا کر رہا ہے جس کے لئے کالج کے اساتذہ اور پوری انتظامیہ لائق تحسین ہے ۔ اُنہوںنے کیڈٹس کو قوم کا مستقبل قرار دیتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ نہ صرف اپنے والدین بلکہ پوری قوم کی اُمیدوں پر پورا اُترنے کیلئے سخت لگن اور یکسوئی کے ساتھ حصول تعلیم کا سفر جاری رکھیں ، اپنی تمام تر توانائیوں کو تعلیم کے حصول کیلئے وقف کر دیں ۔ اپنی زندگیوں میں نظم و ضبط پید اکریں اور ملک وقوم کی قیادت کیلئے خود کو ہرلحاظ سے تیارکریں۔ قبل ازیں کالج پہنچنے پر کالج انتظامیہ اور کیڈٹس نے مہمان خصوصی کا پرتپاک استقبال کیا اور اُنہیں گلدستے پیش کئے۔ کالج انتظامیہ ، اساتذہ ، والدین اور کیڈٹس کے علاوہ دیگر مہمانوں کی کثیر تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور قومی ترانے کی دھنوں سے کیا گیا ۔ کیڈٹس نے شاندار مارچ پاسٹ کیا اور مہمان خصوصی کو سلامی دی ۔ کیڈٹس نے جمناسٹک اور تائیکوانڈو کے شاندار کرتب بھی دکھائے۔ کالج کے پرنسپل بریگیڈئیر حامد جمیل نے کالج کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی ۔ مہمان خصوصی نے نصابی ، غیر نصابی سرگرمیوںمیں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس میں میڈلزا ور شیلڈز تقسیم کئے اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے ۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے ادارے کیلئے 100 ملین روپے گرانٹ کا بھی اعلان کیا۔