News Details
26/02/2022
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے چترال اور تحصیل خال لوئر دیر کے عمائدین کے دو الگ الگ وفود نے جمعہ کے روز ملاقات کی
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے چترال اور تحصیل خال لوئر دیر کے عمائدین کے دو الگ الگ وفود نے جمعہ کے روز ملاقات کی اور اپنے اپنے علاقوں میں عوامی مسائل اور آنے والے بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ تحصیل خال لوئر دیر کے وفد کی قیادت ممبر قومی اسمبلی صاحبزادہ صبغت اللہ جبکہ چترال کے وفد کی قیادت وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ کر رہے تھے۔ اس موقع پر خال سے تحصیل چیئرمین کے لئے آزاد امیدوار شاہ خالدنے پاکستان تحریک انصاف کے امیدواراخونزادہ اشفاق الرحیم کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کیا۔ اسی طرح دروش لوئر چترال سے تحصیل چیئرمین کے لئے پاکستان راہ حق پارٹی کے امیدوار ضیا ءالدین نے پی ٹی آئی کے امیدوار حاجی سلطان جبکہ مستوج اپر چترال سے تحصیل چیئرمین کے لئے عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار فیض الرحمن نے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار سردار حکیم کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کیا اور بلدیاتی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کی مکمل حمایت کایقین دلایا۔
وفود سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف بھر پور تیاری کے ساتھ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں اترے گی اور عوام کی حمایت سے انشاءاللہ بھر پور کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں جو غلطیاں کی گئیں ہیں انہیں نہیں دُہرایا جائے گا بلکہ ان غلطیوں سے سیکھ کر آگے بڑھیں گے۔ وزیراعلیٰ نے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار کے حق میں دستبردار ہونے والے امیدواروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اپنے علاقوں کے بہتر مفاد میں ان کا فیصلہ ایک درست فیصلہ ہے اور پاکستان تحریک انصاف ان کے فیصلوں کی قدر کرتی ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ وہ صوبے کے تمام اضلاع اور علاقوں کو برابر اہمیت دے رہے ہیں اور گزشتہ ساڑھے تین سالوں کے دوران ضم اضلاع سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں یکساں بنیادوں پر ترقیاتی کام کئے گئے ہیں اور کسی بھی علاقے کے ساتھ ناانصافی نہیں کی گئی ہے۔
محمود خان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف ملک کی سب سے مقبول سیاسی جماعت ہے اور عمران خان واحد لیڈر ہیں جو بین الاقوامی فورم پر اسلام اور ختم نبوت کی بات کرتے ہیں اور آج دنیا کے بڑے لیڈر اسلاموفوبیا سے متعلق عمران خان کے موقف کی تائید کر رہے ہیں۔ عمران خان نے اقوام متحدہ میں جس طرح اسلام اور کشمیر کامسئلہ اجاگر کیا ہے اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ عمران خان کی اس بڑھتی ہوئی مقبولیت کی وجہ سے کچھ نا کام سیاسی عناصر عمران خان کے خلاف منفی پروپیگنڈے میں ملوث ہیں لیکن انہیں معلوم ہونا چاہئیے کہ عمران خان نہ صرف پاکستانی عوام کے بلکہ عالم اسلام کے مقبول لیڈر ہیں۔
انہوں نے پارٹی کارکنان پر زور دیا کہ وہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی بھر پور تیاری کریں ، آپس میں اتحاد و اتفاق برقرار رکھیں اور پارٹی مفادات کو ذاتی مفادات پرترجیح دیں۔ انہوں نے کہا کہ ان سمیت پارٹی کے تمام کارکنان عمران خان کے سپاہی ہیں اور سب کو مل کر پارٹی وژن کو آگے بڑھانے اور ملک میں انصاف کا نظام قائم کرنے اور پاکستان کو ایک فلاحی ریاست بنانے کے لئے عمران خان کا ہاتھ مضبوط کرنا ہوگا۔
اس موقع پر چترال کے وفد نے اپر چترال کو الگ ضلع کا درجہ دینے اور علاقے کی ترقی میں ذاتی دلچسپی سے کام کرنے پر وزیراعلیٰ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ علاقے کی پسماندگی کو مدنظررکھ کر وہاں پر خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لئے اپر چترال کو الگ ضلع کا درجہ دیا گیا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت اس نوزائیدہ ضلع کو مضبوط بنانے اور انتظامی مسائل کو حل کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے گی۔