News Details

24/02/2022

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ہدایت کی ہے کہ زرعی یونیورسٹی سوات میں رواں سال مارچ سے اسپیشلائزیشن کلاسز کے اجراءکو یقینی بنانے کیلئے درکار تدریسی عملے کی بھرتی سمیت تمام تر پیشگی لوازمات اور تیاریاں مکمل کی جائیں

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ زرعی یونیورسٹی سوات میں رواں سال مارچ سے اسپیشلائزیشن کلاسز کے اجراءکو یقینی بنانے کیلئے مروجہ قواعد و ضوابط کے مطابق درکار تدریسی عملے کی بھرتی سمیت تمام تر پیشگی لوازمات اور تیاریاں مکمل کی جائیں اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ محکمے اپنے اپنے حصے کی ذمہ داریاں بروقت پوری کرنے کیلئے ضروری اقدامات اُٹھائیں تاکہ یونیورسٹی میں زیر تعلیم طلبہ سردیوں کی چھٹیوں کے فوری بعداسپیشلائزیشن کلاسز میں داخلہ لے سکیں اور اُن کا قیمتی وقت ضائع نہ ہو۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ مواصلات و تعمیرات کے حکام کو بھی ہدایت کی ہے کہ یونیورسٹی کی نئی عمارت کے تعمیراتی کام کے دوسرے مرحلے کا جلد آغاز کرنے کیلئے منصوبے کا نظر ثانی شدہ پی سی ون متعلقہ فورم سے منظور کروا یا جائے تاکہ تعمیراتی کام کے دوسرے مرحلے پر بروقت عملی کام کا آغاز کیا جا سکے۔ وہ گزشتہ روز مذکورہ یونیورسٹی کی عمارت کی تعمیر کے منصوبے پر پیشرفت اور تعلیمی سرگرمیاں بلاتعطل جاری رکھنے سے متعلق اُمور کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان، وائس چانسلر سوات یونیورسٹی پروفیسر داﺅد جان اور وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی پشاور پروفیسر جہاں بخت کے علاوہ متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس کے شرکاءکو نو قائم شدہ زرعی یونیورسٹی سوات کے مالی و انتظامی معاملات ، تعلیمی سرگرمیوں اور دیگر متعلقہ اُمور کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ یونیورسٹی میں پہلے بیچ کے چار سمسٹرز کامیابی سے مکمل کئے گئے ہیں اور اب پانچویں سمسٹر کا آغا ز ہونے جارہا ہے جس کے لئے درکار تدریسی اور انتظامی عملے کی بھرتی پر کام جاری ہے ۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو یہ بھی ہدایت کی کہ یونیورسٹی میں پانچویں سمسٹر کے بروقت اجراءاور اس میں طلبہ کے بلا تاخیر داخلوں کو یقینی بنانے کیلئے مروجہ قواعد و ضوابط کے مطابق تدریسی عملے کی بھرتیوں کا عمل جلد سے جلد مکمل کیا جائے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ زرعی یونیورسٹی سوات میں زراعت کے چھ مختلف شعبوں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کی سہولت موجود ہے جن میں ہارٹیکلچر ، پلانٹ بریڈنگ اینڈ جینٹکس ،سوائل اینڈ انوائرنمنٹل سائنسز، اینٹمالوجی، فوڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی ، لائیو سٹاک مینجمنٹ اور فشریز اینڈ ایکوا کلچر شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ نے زرعی یونیورسٹی سوات کے جملہ اُمور بشمول مالی و انتظامی معاملات اور اسٹوڈنٹس افیئرز کو ابھی سے مکمل طور پر ڈیجیٹائز کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں یونیورسٹی انتظامیہ کو ٹیکنیکل سپورٹ فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔ اُنہوںنے سوات میں زرعی یونیورسٹی کے قیام کو پورے ملاکنڈ ڈویژن میں زراعت اور باغبانی کو جدید خطوط پر ترقی دینے کیلئے انتہائی اہم اقدام اور وقت کی اشد ضرورت قرار دیتے ہوئے کہاکہ صوبائی حکومت اس نوزائیدہ یونیورسٹی کو اپنے پاﺅں پر کھڑا کرنے اور اسے منفرد پہچان کا حامل ایک اعلیٰ تعلیمی ادارہ بنانے کیلئے ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی ۔