News Details

23/02/2022

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے اسپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق احمد غنی نے منگل کے ر وز اُن کے دفتر میں ملاقات کی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے اسپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق احمد غنی نے منگل کے ر وز اُن کے دفتر میں ملاقات کی اور ڈویژنل ہیڈکوارٹر ایبٹ آباد میں عوامی مسائل کے حل اور عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات سے متعلق اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔ اسپیکر کی خصوصی درخواست پر وزیراعلیٰ نے ایبٹ آباد میں پہلے سے منظورشدہ ایبٹ آباد میڈیا کالونی کے قیام کیلئے زمین کی خریداری کا عمل تیز کرنے کیلئے ڈپٹی کمشنر ایبٹ آبادکوضروری اقدامات اُٹھانے کی ہدایت کی ۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ایبٹ آباد میںاسپورٹس کمپلیکس کے قیام کیلئے 250کنال سرکاری اراضی محکمہ کھیل کو فراہم کرنے کیلئے سمری کی بھی منظوری دیدی۔ اسپیکر کی درخواست پر وزیراعلیٰ نے ایبٹ آباد میں قبرستان کیلئے دس کروڑروپے فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی ۔ مزید برآں وزیراعلیٰ نے ایبٹ آباد میں صوبائی حکومت کی پالیسی کے مطابق بس اسٹینڈ اور سبزی منڈی کو شہر سے باہر منتقل کرنے کے سلسلے میں متعلقہ تحصیل میونسپل انتظامیہ کو 16 کروڑ روپے کی گرانٹ فراہم کرنے کیلئے محکمہ بلدیات کو ضروری کاروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبے کے دیگر اضلاع کی طرح ایبٹ آباد میں بھی اربوں روپے مالیت کے مختلف ترقیاتی منصوبے تکمیل کے مراحل میں ہیں ، بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے بعد وہ ایبٹ آباد کا دورہ کرکے وہاں پر 12 ارب روپے مالیت کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے ۔