News Details
09/02/2022
وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت قانونی اصلاحات سے متعلق ایک اجلاس منگل کے روز منعقد ہوا
وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت قانونی اصلاحات سے متعلق ایک اجلاس منگل کے روز منعقد ہوا جس میں فوجداری قوانین میں اصلاحات کے عمل پر اب تک کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلی کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف، چیف سیکرٹری ڈاکٹرشہزادبنگش، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، وزیر اعلی کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان، ایڈوکیٹ جنرل شمائل بٹ کے علاوہ متعلقہ انتظامی سیکرٹریوں اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میںشرکت کی۔ متعلقہ حکام کی طرف سے اجلاس کے شرکاءکو فوجداری قوانین میں اصلاحات کے مختلف پہلوو ¿ں پر بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ صوبائی حکومت فوجداری قوانین میں ضروری اصلاحات کا زیادہ تر کام مکمل کر چکی ہے جبکہ ان اصلاحات پر عملدرآمد کے لئے لائحہ عمل بھی تیار کیا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں تمام شراکت داروں سے مشاورت کی جارہی ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی محمود خان نے عوام کو فوری انصاف کی فراہمی وزیر اعظم عمران خان اور موجودہ حکومت کی ترجیحات کا ایک اہم جزقرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت لوگوں کو فوری انصاف کی فراہمی کے لئے سنجیدہ ہے اور اس مقصد کے لئے موجودہ فوجداری قوانین میں اصلاحات ناگزیر ہیں۔ وزیر اعلی نے چیف سیکرٹری کو ان قانونی اصلاحات کے سارے عمل کی خود نگرانی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایک مہینے کے اندر اندر اصلاحات کے سارے عمل کو حتمی شکل دی جائے تاکہ اس پر مزید پیشرفت کو یقینی بنایا جاسکے۔ اصلاحات کے عمل میں تمام متعلقہ شراکت داروں سے مشاورت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیر اعلی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کہ ان اصلاحات کے نفاذ سے قبل عدلیہ اور وکلاءسمیت تمام شراکت داروں سے بھر پور مشاورت کو یقینی بنایا جائے اور ان شراکت داروں کی تجاویز کی روشنی میں اصلاحات کا عمل آگے بڑھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ان اصلاحات پر عملدرآمد کے سلسلے میں درکار تمام مالی وسائل ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرے گی۔ وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد لوگوں کو فوری انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے جس کے لئے موجودہ حکومت مخلصانہ کوششیں کر رہی ہے۔