News Details

02/02/2022

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان سے منگل کے روز بنوں سے 37 نو منتخب ویلج کونسل ممبران نے ملاقات کی اور باقاعدہ طور پر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان سے منگل کے روز بنوں سے 37 نو منتخب ویلج کونسل ممبران نے ملاقات کی اور باقاعدہ طور پر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا جن میں سکندر حیات خان، حامد اللہ خان، محمد اسرار خان، ملک شکیل خان، ملک حزب اللہ خان ، محمد وزیر خان نوید اللہ، شریف زمان ، قاضی عارف اللہ، عمر دراز خان ، فیاض خان اور دیگر شامل ہیں۔صوبائی وزیر فیصل امین گنڈا پور، اپم پی اے پختون یار ، نو منتخب تحصیل چئیرمین میریان پیر کمال شاہ اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔اس موقع پر اپنی گفتگو میں پارٹی میں شامل ہونے والے نو منتخب بلدیاتی نمائندوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ بڑی تعداد میں منتخب بلدیاتی نمائندوں کی پی ٹی آئی میں شمولیت موجودہ حکومت اور وزیر اعظم عمران کی پالیسیوں پر بھر پور عوامی اعتماد کا اظہار ہے اور ان منتخب بلدیاتی نمائندوں کی شمولیت سے علاقے میں پارٹی مزید مضبوط ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں بنوں میں پی ٹی آئی کی کارکردگی اچھی رہی ہے، اور امید ہے بنوں میں آئندہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی اس سے بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ پہلی بار تحصیل چیئرمین کے لئے بلاواسطہ انتخابات منعقد کئے گئے جس کا کریڈٹ وزیر اعظم عمران خان اور موجودہ حکومت کو جاتا ہے، پی ٹی آئی حکومت حقیقی معنوں میں اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی پر یقین رکھتی ہے، صوبائی حکومت کے نئے بلدیاتی قانون کے تحت بلدیاتی حکومتوں کے قیام سے عوام بااختیار ہونگے اور لوگوں کے عمومی مسائل نچلی سطح پر حل ہونگے۔ وزیر اعلیٰ نے نو منتخب بلدیاتی نمائندوں پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں مقامی سطح کے عوامی مسائل حل کرنے کے لئے اپنا موثر کردار ادا کریں، صوبائی حکومت عوامی مسائل کو مقامی سطح پر حل کرنے کے لئے بلدیاتی نمائندوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔