News Details

26/01/2022

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا نیا پاکستان ہاوسنگ سکیم کے تحت صوبے میں ہاوسنگ کے مختلف منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار پر عدم اطمینان کا اظہار

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے نیا پاکستان ہاوسنگ سکیم کے تحت صوبے میں ہاوسنگ کے مختلف منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کوان منصوبوں پر ٹھوس پیشرفت کو یقینی بنانے کے لئے ایک ماہ کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نیا پاکستان ہاوسنگ سکیم لوگوں کو سستے گھروں کی فراہمی کے لئے موجودہ حکومت کا ایک فلیگ شپ منصوبہ ہے اور اس سکیم کے تحت منصوبوں پر عملدرآمد میں غیر ضروری تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے ان منصوبوں پر صرف کاغذوں میں نہیں، بلکہ گراو ¿نڈ پر پیشرفت چاہیئے۔ وہ گزشتہ روز نیا پاکستان ہاوسنگ سکیم کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شر کت کی۔ اجلاس میں اس اسکیم کے تحت صوبے میں ہاوسنگ کے مختلف منصوبوں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس اسکیم کے تحت ہاو ¿سنگ کے لئے زمینوں کے مسائل جلد سے جلد حل کئے جائیں جبکہ صوبے میں پیری اربن ہاوسنگ اسکیموں پر عملی پیشرفت اور ان کے سنگ بنیادکے لئے ٹائم لائنز مقرر کی جائیں۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ نیا پاکستان ہاوسنگ اسکیم کے تحت جلوزئی اور سوڑیزئی ہاوسنگ اسکیموں کے علاوہ پیری اربن ہاوسنگ کے مختلف منصوبوں پر پیش رفت جاری ہے۔ 150 کنال پر محیط جلوزئی ہاوسنگ اسکیم کا پی سی ون منظور ہو گیا ہے جبکہ منصوبہ 3.3 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائیگا۔ مزید بتایا گیا کہ منصوبے کے ڈیزائن کے لئے کنسلٹنٹ ہائیر کر لیا گیا ہے۔