News Details
23/01/2022
وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبہ بھر میں جاری بارشوں اور برفباری کے پیش نظر تمام اضلاع کی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہر لحاظ رہنے کی ہدایت کی ہے
وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبہ بھر میں جاری بارشوں اور برفباری کے پیش نظر تمام اضلاع کی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہر لحاظ رہنے کی ہدایت کی ہے تاکہ بارشوں اور برفباری کی وجہ سے حادثات پیش آنے کی صورت میں بروقت امدادی کارروائیاں عمل میں لاکر جانی و مالی نقصانات کو کم کیا جاسکے اور متاثرین کو بروقت ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ وزیر اعلی نے انتظامیہ کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ بارشوں اور برفباری کی وجہ سے بند سڑکوں کو بروقت کھولنے کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں، مسافروں اور سیاحوں کو ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کی جائے جبکہ بے گھر افراد کو پناہ گاہوں میں منتقل کرکے انہیں قیام و طعام کی تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں۔ درایں اثنا وزیر اعلی نے شانگلہ کے علاقہ الپوری فیض آباد میں لینڈ سیلائیڈنگ کے واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے واقعے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کی معفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا جبکہ زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں کہا ہے کہ صوبائی حکومت مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے، انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ وزیر اعلی نے شانگلہ کی ضلعی انتظامیہ کو لینڈ سیلائیڈنگ کے نتیجے میں ملبے تلے دبے باقی افراد کی بازیابی کے لئے ریسکیو کاروائیوں کو مزید تیز کرنے، اس مقصد کے لئے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لانے اور باقی ماندہ افراد کی بازیابی تک ریسکیو کاروائیوں کی خود نگرانی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلی نے ضلعی انتظامیہ کو مذکورہ واقعہ میں ہونے والی جانی و مالی نقصانات کے معاوضوں کی ادائیگیوں کے لئے ضروری کاروائی عمل میں لانے کی بھی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر سوات کو بھی سوات کے ہسپتال میں زیر علاج حادثے کے زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلی نے ضلع خیبر اور ڈیرہ اسماعیل سمیت دیگر اضلاع میں آسمان بجلی گرنے اور مکانات کی چھتیں گرنے کے مختلف واقعات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی معفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔ وزیر اعلی نے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو متاثرہ خاندان کو ریلیف اور زخمیوں کو بہترین امداد کی فراہمی کے لئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔