News Details
16/01/2022
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ دبئی ایکسپو 2020 میں خیبرپختونخوا پویلین کو بہت زیادہ پذیرائی ملی ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں اور کمپنیوں نے خیبرپختونخوا پویلین میں غیر معمولی دلچسپی لی ہے
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ دبئی ایکسپو 2020 میں خیبرپختونخوا پویلین کو بہت زیادہ پذیرائی ملی ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں اور کمپنیوں نے خیبرپختونخوا پویلین میں غیر معمولی دلچسپی لی ہے جہاں پر خیبرپختونخوا کی ثقافت کے ساتھ ساتھ یہاں پر سرمایہ کاری کے مواقع اور مصنوعات کو نمائش کے لئے پیش کیا گیا ہے تاکہ صوبے کی مصنوعات کو بین الاقوامی مارکیٹوںمیں روشناس کرایا جاسکے اور صوبے میں سرمایہ کاری کے لئے زیادہ سے زیادہ غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کیا جا سکے۔
اس سلسلے میں یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا پویلین میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی غیر معمولی دلچسپی باعث اطمینان ہے اور امید ہے کہ اس ایکسپو میں خیبرپختونخوا حکومت کی شرکت کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئیں گے اور صوبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ دبئی ایکسپو میں خیبرپختونخوا حکومت کی ٹیم بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے، دبئی ایکسپو پر ان کی پوری نظر ہے اور وہ صوبائی حکومت کی تمام سرگرمیوں کی باقاعدہ رپورٹ لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ ایکسپو میں صوبائی حکومت بین الاقوامی اداروں او رسرمایہ کاروں کے ساتھ کئی معاہدے کرچکی ہے، انشاءاللہ دبئی ایکسپو میں صوبائی حکومت کی شرکت کے مقاصد حاصل کئے جائیں گے اور اس بین الاقوامی ایکسپو میں شرکت سے صوبے کی ثقافت اور مثبت تشخص کے ساتھ ساتھ یہاں کی مصنوعات اور سرمایہ کاری کے مواقع کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے میں بہت زیادہ مدد ملے گی۔