News Details
12/01/2022
وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت کورونا سے متعلق اہم اجلاس منگل کے روز وزیراعلی سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا
وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت کورونا سے متعلق اہم اجلاس منگل کے روز وزیراعلی سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہو جس میںکورونا کی نئی قسم اومیکرون کے خصوصی تناظر میں صوبے میں کورونا کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا اور چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد بنگش کے علاوہ محکمہ صحت کے اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاءکو کورونا کی نئی قسم اومیکرون سے نمٹنے کے لئے محکمہ صحت کے انتظامات اور ہسپتالوں کی استعداد کے علاوہ کورونا ویکسینیشن اہداف کے حصول کے لئے اب تک کی پیشرفت اور دیگر متعلقہ امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے میں اب تک اومیکرون کے 22 مثبت کیسز سامنے آئے ہیںجن میں سے 19 کیسز صوبائی دارلحکومت پشاور میں سامنے آئے ہیں تاہم ان میں سے کوئی بھی ہسپتال میں زیر علاج نہیں ہے۔صوبے میں مجموعی طور پر کورونا کی صورتحال کنٹرول میں ہے،گزشتہ دو ہفتوں کے دوران صوبے میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 0.3 سے 0.6 فیصد کے درمیان رہی ہے، شرکاءکو آگاہ کیا گیا کہ صوبے میں اس وقت روزانہ کی بنیاد پر کورونا کے دس لاکھ ٹیسٹس کئے جارہے ہیں۔صوبے کے ہسپتالوں میں موجودہ استعداد کے حوالے سے بتایا گیا کہ صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کے لئے بستروں اور دیگر سہولیات کی خاطرخواہ گنجائش موجود ہے جن میں1785 لو فلو آکسیجن بیڈز ، 1380 ایچ ڈی یو بیڈز ، 339 آئی سی یو بیڈزاور 339 وینٹلیٹرز شامل ہیں۔ اجلاس کو کورونا ویکسنیشن کے حوالے سے پیشرفت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ صوبے میں اب تک مجموعی طور پر 2 کروڑ 35 لاکھ سے زائد کورونا ویکسینز لگائی جا چکی ہیں۔ ایک کروڑ 3 لاکھ سے زائد افراد کی ویکسنیشن مکمل کی گئی ہے جبکہ 91 لاکھ کے قریب افراد کورونا کی دوسری ویکسین بھی لگا چکے ہیں۔ صوبے میں 12 سال سے زائد عمر کی تقریباً 60 فیصد آبادی کی کورونا ویکسینیشن کی گئی ہے ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ویکسنیشن کے عمل میں تیزی لانے کیلئے محکمہ صحت کی طرف سے اقدامات جاری ہیں۔ پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے ضلعی انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران کے ساتھ باقاعدگی سے اجلاس منعقد کئے جاتے ہیں۔ وزیراعلی نے اس موقع پر متعلقہ حکام کو کورونا ویکسینیشن کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ اُنہوںنے مزید ہدایت کی کہ کورونا ویکسینیشن کے سو فیصد اہداف کے حصول کے لئے حقیقت پسندانہ پلان تیار کیا جائے اور صوبائی دارالحکومت پشاور کے مضافاتی علاقوں میں کورونا ویکسینیشن پر خصوصی توجہ دی جائے۔