News Details
06/01/2022
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ ہماری مشترکہ منزل ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان ہے اور اس مقصد کے لئے عمران خان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ ہماری مشترکہ منزل ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان ہے اور اس مقصد کے لئے عمران خان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں۔ ہم سب ایک پیج پر ہےں ،ہمارا لیڈر ، ہمارا نعرہ اور ہماری منزل ایک ہے۔ کارکنان اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرےں، ہماری کامیابی یقینی ہے۔ ہمیں اپنے ذاتی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر اتفاق کا مظاہرہ کرنا ہے۔جمہوری عمل میں کارکنان کی رائے بڑی اہمیت کی حامل ہے اور اس کو ہم بھی اہمیت دیتے ہیں اور ورکرز کے مشورے اور تعاون سے آگے بڑھےں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں پارٹی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزراءپرویز خٹک ، اعظم خان سواتی، عمر ایوب کے علاوہ صوبائی کابینہ اراکین شوکت یوسفزئی ، سید احمد حسین شاہ، رکن قومی اسمبلی صالح محمد خان ، پی ٹی آئی کے مقامی رہنما بابر سلیم سواتی، اجمل خان سواتی اور دیگرنے بھی کنونشن میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ باہمی اتفاق و اتحاد سے صوبے میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ جیت کر دکھانا ہے ۔ ان انتخابات کے پہلے مرحلے میں جو غلطیاں ہوئی ہیں دوسرے مرحلے میں وہ نہیں دہرائیں گے اور جو غلطیاں ہوئی ہیں ان سے سیکھیں گے۔کوئی وزیر اعلیٰ،کوئی وزیر نہیں، ہم سب عمران خان کے سپاہی ہےں اور ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ہم سب نے مل کر عمران خان اور پارٹی کو مضبوط کرنا ہے ، عمران خان مضبوط ہوگا تو ملک مضبوط ہوگا۔عمران خان انتخابات کا نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے مستقبل کا سوچتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ آج بطور چیف ایگزیکٹیو نہیں بلکہ ایک عام ورکر کی حیثیت سے اس پروگرام میں شریک ہےں ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت صوبے کی یکساں ترقی کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ ضلع مانسہرہ و ایبٹ آباد سمیت ملک کے تمام اضلاع میں عوامی فلاح و بہبود کے متعدد میگا منصوبوں پر کام جاری ہے جن کی تکمیل سے لوگوں کی زندگیوں میں ایک مثبت تبدیلی رونما ہوگی۔ ہماری حکومت پارٹی وابستگی سے بالا تر ہوکر عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کر رہی ہے اور پارٹی کارکنان حکومت کے عوامی فلاح و بہود کے اقدامات کے بارے میں عوام کو آگاہی دیں۔انہوں نے کہا کہ مانسہرہ میں میگا واٹر سپلائی اسکیم آخری مراحل میں ہے جس کا بہت جلد افتتاح کیا جائیگا۔ اس کے علاوہ ضلع میں واٹر سپلائی اور نکاسئی آب کی مختلف اسکیموں پر کام جاری ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ مانسہرہ میں میڈیکل کالج کے قیام کا منصوبہ بھی آخری مراحل میں ہے اس کے علاوہ داتا بائی پاس روڈ پر بھی پیشرفت جاری ہے ۔ محمود خان نے کہا کہ بفہ کو تحصیل کا درجہ دینے کااعلامیہ جلد جاری کیا جائیگا ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈویژن ہیڈکوارٹر ایبٹ آباد کے لئے 20 ارب روپے کا ترقیاتی پیکج لارہے ہیں اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ایبٹ آباد کے لئے ایک ارب روپے منظور کئے گئے ہیں اورمنصوبے پر بہت جلد عملی کام کا آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دھم توڑ بائی پاس روڈ بھی بہت جلد مکمل کیا جائیگا۔
وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی کے صوبائی صدر پرویز خٹک نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کا صوبائی صدر بنانے پر وہ وزیراعظم عمران خان کے مشکور ہےںاور پارٹی میں اتحاد قائم رکھنا ان کی پہلی ترجیح ہے ۔ وفاقی وزیرنے کہا کہ سیاسی جدوجہد میں مسائل آتے رہتے ہیں مگر ان مسائل کو حکمت عملی کے ساتھ حل کرنا ہوتا ہے۔ ہم سب عمران خان کے سپاہی ہیں اور پارٹی کی تنظیم سازی میں کارکنان کی رائے کو مقدم رکھےں گے، مقامی سطح پر منتخب عوامی نمائندے اور کارکنان باہمی مشاورت سے متفقہ فیصلہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر نیت صاف اور ارادہ مضبوط ہو تو منزل کا حصول آسان ہو جاتا ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان عوام کو ریلیف دینے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں اور اس مقصد کے لئے اربوں روپے کی اسکیمیں جاری ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اب ایکسپورٹ بڑھ رہی ہےں اور پاکستان کی معیشت بہتری کی راہ پر گامزن ہے