News Details

03/01/2022

زراعت کو جدید سائنسی خطوط پر ترقی دینے اور زرعی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کرنے کے لئے ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان پر عملدرآمد کے سلسلے میں نتیجہ خیز اقدامات اٹھارہی ہے۔وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صوبے میں زراعت کو جدید سائنسی خطوط پر ترقی دینے اور زرعی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کرنے کے لئے ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان پر عملدرآمد کے سلسلے میں نتیجہ خیز اقدامات اٹھارہی ہے اور صوبے میں مذکورہ پلان کے تحت مقررہ اہداف کے حصول پر ٹھوس پیشرفت جاری ہے ۔ صوبے کے کسانوں کی معاونت اور انہیں درکار سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں کسان کارڈ کا اجراءاس سلسلے کی اہم کڑی ہے جبکہ صوبے میں چھوٹے ڈیموں کی تعمیر اور کمانڈ ایریا ز کو بڑھانے کے لئے بھی متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے۔ صوبے میں زراعت کی ہمہ جہت ترقی کے لئے پہلی فوڈ سیکیورٹی پالیسی تشکیل دی گئی ہے جو صوبے کو زرعی پیداوار میں خود کفیل بنانے میں ایک سنگ میل ثابت ہوگی۔ اسی طرح صوبے میں لائیو اسٹاک کے شعبے کی ترقی کے لئے ایک خصوصی پروگرام کا بھی اجراءکیا جارہا ہے۔ وہ پیر کے روز بذریعہ ویڈیو لنک وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان سے متعلق منعقدہ ایک اجلاس میں شریک تھے۔ اجلاس میں خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر میں ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان پر عملدرآمد کے سلسلے میں اب تک کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور اس سلسلے میں اہم فیصلے کئے گئے جبکہ وزیراعظم کی طرف سے اس پلان پر عملدرآمد کی رفتار کو مزید بہتر بنانے کے لئے متعلقہ حکام کو ضروری احکامات جاری کئے گئے۔ متعلقہ وفاقی وزراءاور دیگر اعلیٰ حکام کے علاوہ خیبرپختونخوا پنجاب اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ اور چیف سیکرٹریز نے بھی بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاءکو ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت شروع کئے گئے مختلف اقدامات اور منصوبوں پر اب تک کی عملی پیشرفت اور دیگر متعلقہ امور کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔