News Details

02/01/2022

معاشرے کے کمزور طبقوں کی فلاح و بہبود وزیر اعظم عمران خان کے وژن اور پاکستان تحریک انصاف حکومت کے ایجنڈے کا اہم حصہ ہے۔وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے یتیم اور بے سہارا بچوں سمیت معاشرے کے کمزورطبقوں کی سرپرستی اور فلاح و بہبود کو ریاست کی اہم ذمہ داری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ معاشرے کے کمزور طبقوں کی فلاح و بہبود وزیر اعظم عمران خان کے وژن اور پاکستان تحریک انصاف حکومت کے ایجنڈے کا اہم حصہ ہے اور صوبائی حکومت اس ایجنڈے کی تکمیل کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ پناہ گاہوں اور لنگر خانوں کا قیام اور کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام سمیت دیگر فلاحی منصوبے اس ضمن میں موجودہ حکومت کے اہم اقدامات ہیں جو ریاست مدینہ کے طرز پر ایک اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کی طرف اہم قدم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سوات کے دورے کے موقع پر یتیم اور بے سہارا بچوں کی کفالت اور تعلیم و تربیت کے لئے قائم مرکز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یہ مرکز صوبائی حکومت کے تعاون سے اخپل کور فاونڈیشن نامی ایک نجی فلاحی تنظیم نے قائم کیا ہے جس میں سوات کے سینکڑوں بے سہارا اور یتیم بچوں کی مفت تعلیم وتربیت کے علاوہ ان کی مفت رہائش کا بہترین انتظام کیا گیا ہے۔ اپنے خطاب میں وزیر اعلی نے کہا یتیم اور بے سہارا بچے حکومت اور ریاست کے بچے ہیں جن کی کفالت اور تعلیم و تربیت حکومت وقت کی ذمہ داری ہے، اس مقصد کے لئے صوبائی حکومت نے پشاور میں زمونگ کور کے نام سے اسٹیٹ آف دی آرٹ مرکز قائم کیا ہے جبکہ بنوں، کوہاٹ اور سوات سمیت بھی اس طرح کے مراکز قائم کئے جارہے ہیں جہاں پر بے سہارا اور یتیم بچوں کو مفت رہائش کی سہولت کے علاوہ ان کی تعلیم و تربیت کا بھی انتظام موجود ہوگا تاکہ ان بچوں کو معاشرے کا کارآمد شہری بنایا جاسکے۔ علاقے میں یتیم اور بے سہارا بچوں کی کفالت اور تعلیم و تربیت کے سلسلے میں اخپل کور فاونڈیشن کے کردار کو سراہتے ہوئے وزیر اعلی نے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت ایسے فلاحی اداروں کی ہر ممکن معاونت جاری رکھے گی اور ان کی بھر پور حوصلہ افزائی کرے گی جو معاشرے کے بے آسرا اور کمزور طبقوں کی فلاح و بہبود کے لئے مخلصانہ کوششیں کر رہے ہیں۔ اس موقع پر وزیر اعلی کو اخپل کور مرکز کے تحت یتیم اور بے سہارا بچوں کو مفت فراہم کی جانے والی رہائش، تعلیم و تربیت اور دیگر سہولیات اور فاونڈیشن کی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلی نے مرکز کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا، وہاں پر زیر تعلیم بچوں سے ملے اور ان میں تحفے تحائف تقسیم کئے۔ وفاقی وزیر مراد سعید، صوبائی وزیر محب اللہ اور دیگر بھی وزیر اعلی کے ہمراہ تھے۔