News Details
25/12/2021
قائداعظم کے یوم ولادت کے حوالے سے وزیراعلیٰ محمود خان کا پیغام
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے برصغیر کے مظلوم مسلمانوں کے لئے علیحدہ ریاست کے قیام کے سلسلے میں قائداعظم محمد علی جناح کی والہانہ قیادت اور انتھک جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائداعظم کے اصولوں ایمان، اتحادا ورتنظیم کو اپنی زندگی کا شعار بنا کر پاکستان کی تعمیر و ترقی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کر سکتے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پاکستان کو قائد اعظم کے وژن کے عین مطابق صحیح معنوں میں ایک اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے مصروف عمل ہے ، ملک کو بانیان پاکستان کے وژن کے مطابق آگے لے جانے کیلئے معاشرے کے تمام طبقوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت کے حوالے سے جاری اپنے پیغام میں کیا ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ قائد اعظم کی والہانہ او ر دانشمندانہ قیادت میں مسلم رہنماو ¿ں نے انتھک جدوجہد اور عظیم قربانیوں کے نتیجے میں مملکت خداداد پاکستان معرض وجود میں آئی جس کی بقاءو سلامتی ہماری اولین ذمہ داری اور ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پڑوسی ملک بھارت کے مسلم مخالف اور جارحانہ رویے نے ثابت کر دیا ہے کہ مسلمانوں کیلئے علیحدہ ریاست کے قیام کا فیصلہ درست اور ضروری تھا اور پاکستان کا قیام برصغیر کے مسلمانوں کے مسائل کا واحد اور کل وقتی حل تھا۔ محمود خان نے کہا کہ دشمن کسی خوش فہمی کا شکار نہ رہے، پاکستان اب ناقابل تسخیر قوت بن چکا ہے ۔ اپنے وطن کی بقاءو سلامتی کے لئے پاک افواج اور پاکستانی قوم نے پہلے کسی قربانی سے دریغ کیا ہے اور نہ آئندہ اپنے وطن کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کا استحکام اور بقاءو سلامتی موجودہ حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔ موجودہ حکومت نے ملک میں کرپشن کے خاتمے ، سابقہ حکومتوں کی ناقص پالیسیوں اور مفاد پرست فیصلوں سے پیدا ہونے والے مسائل کے ازالے اور قومی وقار کی بحالی کا پختہ عزم کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیافتہ اور خوشحال پاکستان ہماری حتمی منزل ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔