News Details

11/12/2021

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کا ٹانک میں نامعلوم افراد کی طرف سے پولیو ٹیم پر فائرنگ کی شدید مذمت

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ٹانک میں نامعلوم افراد کی طرف سے پولیو ٹیم پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے واقعے میں پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے شہید کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ شہید کے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ محمود خان نے واقعے میں زخمی پولیس اہلکار کی جلد صحت یابی کے لئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے پولیس کو فائرنگ میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کے لئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ پولیو ٹیم پر حملہ کرنے والے ہمارے بچوں کے محفوظ مستقبل کے دشمن ہیں، صوبائی حکومت صوبے کو پولیو وائرس سے پاک کرنے اور اپنی آنے والی نسلوں کو اس مہلک بیماری سے محفوظ کرنیکے لئے پر عزم ہے اور اس طرح کے بزدلانہ حملوں سے پولیو ٹیموں کے حوصلے پست نہیں ہونگے۔