News Details

01/12/2021

خیبرپختونخوامیں فارن فنڈنگ کے تحت مختلف شعبہ جات میں 687 ارب روپے مالیت کے کل 60 منصوبوں پر کام جاری ہے

خیبرپختونخوامیں فارن فنڈنگ کے تحت مختلف شعبہ جات میں 687 ارب روپے مالیت کے کل 60 منصوبوں پر کام جاری ہے جن کیلئے رواں مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں 89 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ ان منصوبوں میں 97ارب روپے مالیت کا خیبرپختونخوا سٹیز امپرومنٹ پراجیکٹ ، 300 میگاواٹ بالا کوٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ ، پیہور ہائی لیول کینال ایکسٹنشن ، فاٹا واٹر ریسورسز ڈویلپمنٹ ، خیبر پاس اکنامک کوریڈور ، خیبرپختونخوا انٹگریٹڈٹوارزم ڈویلپمنٹ پراجیکٹ، خیبرپختونخو اہائیڈرو پاور اینڈ رینویوایبل انرجی ڈویلپمنٹ پروگرام اور دیگر اہم منصوبے شامل ہیں۔یہ بات گزشتہ روز وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت فارن فنڈنگ منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس میں بتائی گئی۔ صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان اور متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس کو صوبے میں فارن فنڈنگ کے تحت جاری منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ خیبر پختونخوا سٹیز امپرومنٹ پراجیکٹ ایگزیکٹیو کمیٹی آف نیشنل اکنامک کونسل سے منظور ہو چکا ہے۔اس کے علاوہ 68 ارب روپے مالیت کے بالاکوٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا پی سی ون ایکنک سے کلیئر ہو گیا ہے اور پہلے پیکج کیلئے بڈزکا اشتہار ہو چکا ہے۔مزید بتایا گیا کہ اس منصوبے کیلئے درکار اراضی کی خریداری کا عمل جاری ہے۔کے پی پراونشل روڈز امپرومنٹ پراجیکٹ کے تحت مختلف اضلاع میں سات روڈز مکمل کرلئے گئے ہیں جبکہ مزید دو پر کام جاری ہے۔ مزید برآںخیبرپختونخوا انٹگریٹڈ ٹوارزم ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے تحت صوبے کے چار مختلف مقامات پر ٹوارزم زونز قائم کرنے کیلئے وزیراعلیٰ نے ماسٹر پلان کی منظوری دے دی ہے اور متعلقہ مقامات پر سیکشن فور نافذ کر دیا گیا ہے۔ مزید بتایا گیا کہ کمراٹ کیبل کار منصوبے کی فزبیلٹی مکمل ہو گئی ہے۔ 42 کلومیٹر طویل صوابی مردان روڈ کو دو رویہ کرنے پر 50 فیصد کام مکمل ہے جبکہ باقی ماندہ کام پر پیشرفت مقررہ ٹائم لائنز کے مطابق جاری ہے۔ خیبرپختونخوا ایریگیٹڈ ایگریکلچر امپرومنٹ پراجیکٹ کیلئے سپروائزری کنسلٹنٹ کیلئے ایکسپریشن آف انٹرسٹ کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔کے پی ہائیڈرو پاور اینڈ رینیویبل انرجی پروگرام کے تحت 88 میگاواٹ کالام گبرال ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کیلئے زمین کی خریداری کا عمل جاری ہے۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ڈیجٹیل جابز فار خیبرپختونخوا پراجیکٹ سمیت دیگر منصوبوں پر بھی کام مقررہ ٹائم لائنز کے مطابق جاری ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عوامی فلاح وبہبودکے منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی اہم ترجیحات میں سرفہرست ہے اور تمام متعلقہ حکام ان منصوبوں پر عملی پیشرفت کو ٹائم لائنزکے مطابق ہر صورت یقینی بنائیں۔ ا ±نہوںنے کہاکہ ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کا عوام کی زندگیوں پر براہ راست مثبت اثر پڑے گااور صوبے میں روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔