News Details

18/11/2021

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں انتخابی اصلاحات کے ترمیمی بل کی کثرت رائے سے منظوری پر وزیراعظم عمران خان، وفاقی حکومت ، اتحادی جماعتوں اور پوری قوم کو مبارکباد دی ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں انتخابی اصلاحات کے ترمیمی بل کی منظوری کو ملک میں صاف اور شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس بنیاد قرار دیتے ہوئے اس بل کی کثرت رائے سے منظوری پر وزیراعظم عمران خان، وفاقی حکومت ، اتحادی جماعتوں اور پوری قوم کو مبارکباد دی ہے۔ یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں انتخابی اصلاحات کے ترمیمی بل کی منظوری کو ملک میں حقیقی جمہوریت کے علمبرداروں کی فتح، پاکستان تحریک انصاف کی بڑی کامیابی اور وزیراعظم کی پالیسیوں اور قیادت پر پارلیمنٹ کی اکثریت کے اعتماد کا مظہر قرار دیتے ہوئے اُنہوںنے کہاکہ انتخابی اصلاحات بل سمیت دیگر اہم بلوں کی منظوری سے موجودہ حکومت اور پاکستان تحریک انصاف ایک بار پھر سرخرو ہو گئی ہے ۔ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملنے پر اُنہوں نے سمندر پار بسنے والے تمام پاکستانیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بیرون ملک مقیم لاکھوں پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دے کر اُن کے ساتھ کیا ہوا وعدہ پورا کرلیا۔ محمود خان کا کہنا تھا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین متعارف ہونے سے ملک میں صاف و شفاف اور غیرجانبدارانہ انتخابات کا انعقاد ممکن ہو سکے گاجو ملک میں حقیقی معنوں میں جمہوریت کے فروغ کیلئے ایک سنگ میل ثابت ہو گا۔ انتخابی اصلاحات سے متعلق بل کی منظوری کو ملکی تاریخ کا ایک ہم باب قرار دیتے ہوئے اُنہوںنے کہا کہ یہ ملک میں حقیقی تبدیلی کی طرف ایک اور اہم پیشرفت ہے ۔