News Details

17/11/2021

خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کے سب سے بڑے رہائشی منصوبے گندھارا ویلی سٹی پر عمل درآمد کے سلسلے میں ایک اہم پیشرفت کے طور پر پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے قیام کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے

خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کے سب سے بڑے رہائشی منصوبے گندھارا ویلی سٹی پر عمل درآمد کے سلسلے میں ایک اہم پیشرفت کے طور پر پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے قیام کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے تاکہ اس مجوزہ منصوبے پر جلد سے جلد عملی پیشرفت کا آغاز کیا جا سکے۔ یہ منظوری وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت منعقدہ پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ساتویں بورڈ اجلاس میں دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے مذکورہ پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے قیام کیلئے کلیدی عہدوں پر بلا تاخیر تعیناتیاں عمل میں لانے کیلئے پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو آسامیاں جلد سے جلد مشتہر کرنے اور بھرتیوں کے عمل کو کم سے کم ممکنہ وقت میں مکمل کرنے کیلئے ٹائم لائنز مقرر کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ان کلیدی آسامیوں میں پراجیکٹ منیجر کی ایک، ڈپٹی پراجیکٹ منیجر کی چار، اسسٹنٹ پراجیکٹ منیجر کی سات اور لینڈ ریونیو ایکسپرٹ کی دو آسامیاں شامل ہیں۔ وزیر اعلی نے متعلقہ حکام کو مزید ہدایت کی ہے کہ پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے قیام کیلئے مارکیٹ سے اس شعبے کے ماہر اور پیشہ ور افراد کوبھرتی کیا جائے اور اس سلسلے میں مروجہ قواعد وضوابط پر عمل درآمد کو ہر لحاظ سے یقینی بنایا جائے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مجوزہ گندھارا ویلی سٹی 108000 کنال رقبے پر محیط ہو گی جو رہائشی اور تجارتی حصوںکے علاوہ میڈیا انکلیو اور پراونشل سیکرٹریٹ پر مشتمل ہو گاجہاں شہری زندگی کی تمام تر جدید سہولیات دستیاب ہو ں گی۔ مزید بتایا گیا کہ گندھارا ویلی سٹی کیلئے لینڈ شیئرنگ فارمولے کے تحت زمین کی خریداری کا عمل شروع کر دیا گیا ہے جبکہ منصوبے کی ماسٹر پلاننگ کی تیاری کیلئے کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کی گئی ہیں اور اگلے سال اپریل تک منصوبے کا ماسٹر پلان تیار کیا جائے گا۔ اجلاس میں گندھارا ویلی سٹی پر تیز رفتار عمل درآمد کے سلسلے میں کمشنر پشاور کو منصوبے سے جڑے جملہ ا ±مور کی نگرانی کی خصوصی ذمہ داری تفویض کی گئی۔ صوبائی اراکین کابینہ تیمور سلیم جھگڑا اور کامران بنگش کے علاوہ ایم پی اے پیر فدا محمد، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان، متعلقہ انتظامی سیکرٹریوں ، کمشنر پشاور ، ڈائریکٹر جنرل پی ڈی اے اور دیگر بورڈ ممبران نے اجلاس میں شرکت کی۔ بورڈ اجلاس میں مجوزہ گندھارا ویلی سٹی کا نام تبدیل کرکے نیو پشاور سٹی رکھنے کی منظوری دے دی گئی۔اجلاس میں پی ڈی اے کی استعداد کار اور خدمات کی فراہمی کے عمل میں بہتری لانے کیلئے ایک سروس ڈیلیوری یونٹ کے قیام کی بھی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس میں پی ڈی اے کے منظور شدہ ریٹس کے مطابق خیبرپختونخوا جوڈیشل اکیڈمی کیلئے حیات آباد میں 55 کنال اضافی اراضی جبکہ فارنزک سائنس لیبارٹری کیلئے ریگی ماڈل ٹاون میں 40 کنال اراضی فراہم کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ بورڈ نے پی ڈی اے کی حدود میں سیلولر کمپنیوں کے ٹاورز کی تنصیب کیلئے ایک یکساں پالیسی وضع کرنے کیلئے سیکرٹری بلدیات کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا۔ اجلاس میں پی ڈی اے کی حدود میں پرائیویٹ ہاوسنگ اسکیموں کو ریگولیٹ کرنے کیلئے پرائیویٹ ہاوسنگ سکیم مینجمنٹ اینڈ ریگولیشنز رولز 2021 کے مسودے کی ا ±صولی منظوری دے دی گئی جو حتمی منظوری کے لئے صوبائی کابینہ کو پیش کیا جائے گا۔ اجلاس میں پی ڈی اے بجٹ تخمینہ جات برائے سال 2021-22 کی بھی مشروط منظوری دے دی گئی۔