News Details
12/11/2021
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان سے مہمند ماربل/ مائنز ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد نے گزشتہ روز وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں ملاقات کی
اور ضلع مہمند کی ماربل انڈسٹری کو درپیش مشکلات خصوصاً روڈ کے مسائل ، زیارت مائن کی بندش، آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی، میکانائز مائننگ کی ضرورت و اہمیت اور مجموعی طور پر ضم اضلاع میں صنعتوں کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ کے مشیر برائے معدنیات عارف احمد زئی اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفد نے وزیراعلیٰ کو اپنے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ماربل فیکٹریز سے سامان ایکسپورٹ کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے ، اس مقصد کیلئے کنکریٹ روڈ کی ضرورت ہے جو بڑی گاڑیوں کا لوڈ برداشت کر سکے ۔اسی طرح زیارت مائن حادثے کے بعد اب تک بند ہے جس کی وجہ سے کارخانہ داروں کو بڑا نقصان ہورہاہے ۔مزید برآں وفد نے آگاہ کیا کہ خیبربینک کے ذریعے صنعتکاروں کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کیلئے محکمہ صنعت کے اعلیٰ حکام کے ساتھ ایک اجلاس ہو چکا ہے جس پر مزید پیشرفت کی ضرورت ہے ۔ وزیراعلیٰ نے اس سلسلے میں متعلقہ حکام سے مذکورہ اجلاس کی رپورٹ طلب کی ہے اور وفد کے پیش کر دہ دیگر مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ صوبائی حکومت صوبے میں صنعتوں کی ترقی اور فروغ کیلئے وسیع پیمانے پر ٹھوس اقدامات کر رہی ہے کیونکہ بیمار صنعتوں کی بحالی اور نئی صنعتوں کا قیام موجودہ حکومت کی شروع دن سے ترجیحات میں شامل رہا ہے اور اس مقصد کیلئے نئے اکنامک زون کے قیام سمیت متعدد اقدامات اُٹھائے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت سڑکوں کی بہتری کیلئے بھی اقدامات کر رہی ہے تاہم روڈ مینجمنٹ پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ اُنہوںنے کہاکہ ورسک روڈ سے ماربل فیکٹریوں کو مرحلہ وار شفٹ کیا جائے گا اور اس مقصد کیلئے مہمند ماربل سٹی میں مزید زمین خریدنی پڑی توخرید لیں گے ۔ اُنہوںنے مزید کہاکہ صوبائی حکومت صوبے میں میکانائز مائننگ متعارف کرانے کے سلسلے میں سنجیدہ ہے اور اس مقصد کیلئے باضابطہ قانون سازی کی گئی ہے ۔ اُنہوںنےکہا کہ میکانائز مائننگ وقت کی ضرورت ہے جس سے نہ صرف حادثات کی روک تھام میں مدد ملے گی بلکہ ریونیو میںبھی اضافہ ہو گا۔ اس موقع پر وفد کے اراکین نے وزیراعلیٰ کو مہمند اکنامک زون میں جاری صنعتی سرگرمیوں سے بھی آگاہ کیا اور ان کو اکنامک زون میں صنعتی سرگرمیوں کا باضابطہ اجراءکرنے کی درخواست کی جس پر وزیراعلیٰ نے جلد مہمنداکنامک زون کا دورہ کرنے کا یقین دلایا ۔