News Details
09/11/2021
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ملاکنڈ کے علاقہ سخاکوٹ میں سماجی کارکن محمد زادہ کے قتل کے خلاف عوامی احتجاج اور شاہراہ کی بند ش کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ اور اسسٹنٹ کمشنر درگئی کو فوری طور پر اُن کے عہدوں سے فارغ کر دیا
فرائض سے غفلت برتنے پر وزیراعلیٰ نے ان دونوں افسروں کو فوری طور پر عہدوں سے ہٹا کر اُن کے خلاف انکوائری کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ۔ دریں اثناءوزیراعلیٰ نے سماجی کارکن محمد زادہ کے قتل کے واقعے کا بھی نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے انسپکٹر جنرل پولیس کو قتل کے واقعے میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کیلئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی ہے ۔ سماجی کارکن کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اُنہوںنے کہاہے کہ قتل میں ملوث عناصر کسی صورت قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکتے ، اُنہیں جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور متاثر ہ خاندان کو مکمل انصاف فراہم کیا جائے گا۔ متاثرہ خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مقتول کی مغفرت اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی بھی دُعا کی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاہے کہ صوبائی حکومت اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے اور اُنہیں مکمل انصاف کی فراہمی تک چین سے نہیں بیٹھے گی ۔