News Details

02/11/2021

صوبے کے سب سے بڑے رہائشی منصوبے گندھارا ویلی سٹی پر عملدرآمد کے سلسلے میں ایک اہم پیشرفت کے طور پر زمین کے حصول کے لئے لینڈ شیئرنگ فارمولے کے تحت اشتہار جاری کردیا گیا ہے

صوبے کے سب سے بڑے رہائشی منصوبے گندھارا ویلی سٹی پر عملدرآمد کے سلسلے میں ایک اہم پیشرفت کے طور پر زمین کے حصول کے لئے لینڈ شیئرنگ فارمولے کے تحت اشتہار جاری کردیا گیا ہے جبکہ منصوبے کی ماسٹر پلاننگ کی تیار ی کے لئے کنسلٹنٹ کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں اور اگلے چھ مہینوں میں منصوبے کا ماسٹر پلان تیار کیا جائے گا جس کے بعد منصوبے پر عملی پیشرفت کا آغاز کیا جائے گا۔ مجوزہ گندھارا ویلی سٹی پشاور اور نوشہرہ کے سنگم پر واقع بنجر اراضی پر قائم کیا جارہا ہے جو ایک لاکھ 8 ہزار کنال اراضی پر محیط ہوگا۔ اس ہاوسنگ اسکیم میں تعلیمی ، طبی ، تجارتی اور تفریحی سہولیات کے علاوہ تمام جدید شہری سہولیات دستیاب ہونگی۔ مجوزہ گندھارا سٹی میں پشاور کے صحافیوں کے لئے ایک میڈیا انکلیو بھی قائم کیا جائے گا جو 1132 کنال اراضی پر محیط ہوگا۔ یہ بات منگل کے روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت گندھارا ویلی سٹی پر عملدرآمد کے سلسلے میں اب تک کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ ایک اجلاس میں بتائی گئی۔ اجلاس کو مذکورہ ہاوسنگ اسکیم کے لئے زمین کی خریداری کے طریقہ کار سمیت مختلف پہلووں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزراءاشتیاق ارمڑ اور کامران بنگش کے علاوہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان، سیکرٹری بلدیات میاں شکیل احمد، سیکرٹری اطلاعات ارشد خان، ڈائریکٹر جنرل پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی عمارہ عامر، پشاور پریس کلب کے صدر ایم ریاض، سینئر صحافی ارشد عزیز ملک اور دیگر متعلقہ سرکاری حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس اہم رہائشی منصوبے پر بلا تاخیر عملی پیشرفت کو یقینی بنانے کے لئے پراجیکٹ منیجمنٹ یونٹ کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے اور پراجیکٹ منیجر سمیت دیگر اہم عہدوں پر بھرتیوں کا عمل جلد شروع کیا جائے گا۔ گندھارا ویلی سٹی میں پلاٹوں کی کیٹیگری کے حوالے سے بتایا گیا کہ پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے بورڈ نے اس حوالے سے ایک فارمولے کی باقاعدہ منظوری دیدی ہے جس کے تحت کل رہائشی رقبے کا دو فیصد چارکنال کے پلاٹس،4 فیصد2 کنال پلاٹس ، 30فیصد ایک کنال پلاٹس، 30 فیصد 10مرلے پلاٹس، 17 فیصد 7 مرلے پلاٹس جبکہ 16 فیصد 5 مرلے پلاٹس پر مشتمل ہوگا۔ اجلاس میں مذکورہ ہاوسنگ اسکیم کے میڈیا انکلیو میں پشاور پریس کلب کے صحافیوں کو پلاٹو ں کے پرووژنل الاٹمنٹ لیٹرز کے اجرا کا اصولی فیصلہ کرتے ہوئے اس سلسلے میں طریقہ کار وضع کرنے کے لئے متعلقہ حکام اور پشاور پریس کلب کے صدر پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جو اس حوالے سے حتمی تجاویز صوبائی کابینہ کی منظوری کے لئے پیش کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے مجوزہ گندھارا سٹی کو صوبائی حکومت کا ایک فلیگ شپ رہائشی منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت اس منصوبے پر کم سے کم ممکن وقت میں عملدرآمد کرنا چاہتی ہے جس کے لئے تمام متعلقہ محکموں اور اداروں کو اپنے حصے کی ذمہ داریاں بروقت پوری کرنی ہوگی اور اس پر عملدرآمد کے لئے مقررہ ٹائم لائنز کے مطابق عملی پیشرفت یقینی بنانی ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کے لئے زمین کی خریداری کے سارے عمل میں سو فیصد شفافیت کو یقینی بنایا جائے، منصوبے پر عملی پیشرفت کے لئے پراجیکٹ منیجمنٹ یونٹ کا قیام جلد عمل میں لایا جائے اور اس میں مارکیٹ سے اس شعبے کے پیشہ ورانہ افراد کو بھرتی کیا جائے۔ پشاور پریس کلب کے صدر ایم ریاض نے گندھارا ویلی سٹی میں صحافیوں کے لئے میڈیا انکلیو کے قیام میں خصوصی دلچسپی لینے پر صحافی برادری کی طرف سے وزیراعلیٰ محمود خان کا شکریہ ادا کیا۔