News Details

29/10/2021

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمودخان کی زیر صدارت نیا پاکستان ہاوسنگ پروگرام کے تحت مجوزہ سوڑیزئی ہاوسنگ سکیم پشاور کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا ایک اجلاس گزشتہ روز وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں منصوبے پر اب تک کی پیشرفت خصوصاً منصوبے پر عمل درآمد کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرکے اس پر تیز رفتار پیش رفت کو یقینی بنانے سے متعلق امور پر غور و خوض کیا گیا۔ صوبائی وزیر ہاوسنگ امجد علی، وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی کامران بنگش، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز، انسپکٹر جنرل پولیس معظم جاہ انصاری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو سید ظفر علی شاہ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان، سیکرٹری ہاوسنگ حسن محمود یوسفزئی، کمشنر پشاور ریاض محسود اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ منصوبے کے مختلف پہلوں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سوڑیزئی ہاوسنگ منصوبہ 8500کنال وسیع رقبے پر مشتمل ہے جو نیا پاکستان ہاوسنگ پروگرام کے تحت قائم کیا جارہا ہے۔ منصوبے پر عملدرآمد کے لئے پاکستان ہاوسنگ اتھارٹی اور پراونشل ہاوسنگ اتھارٹی کے مابین باضابطہ مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے گئے ہیں۔ یہ منصوبہ تقریباً 16000 گرے اسٹرکچر یونٹس پر مشتمل ہوگا جو سرکاری ملازمین اور عوام الناس کو الاٹ کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے سوڑیزئی ہاوسنگ اسکیم پر پیش رفت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو جلد دور کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں ٹھوس اور نتیجہ خیز اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے سوڑیزئی ہاو ¿سنگ اسکیم کو نیا پاکستان پروگرام کے تحت ایک میگا منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے کو ٹائم لائن کے مطابق عملی جامہ پہنانے کیلئے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔ صوبائی حکومت ہر حال میں اس اہم منصوبے کو مکمل دیکھنا چاہتی ہے جس کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ محمود خان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان غریب اور متوسط طبقات کی فلاح و کامیابی کے لئے کوشاں ہے۔ نیا پاکستان ہاوسنگ پروگرام کا اجرائ بھی عام آدمی کی فلاح کیلئے وزیراعظم کے وژن کا عملی مظاہرہ ہے جس کا مقصد کم آمدنی والے لوگوں کو رہائشی سہولت فراہم کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں پہلی دفعہ موجودہ حکومت نے معاشرے کے غریب اور متوسط طبقوں کی فلاح و بہبود کے لئے عملی طور پر منصوبوں کا اجراءکیا ہے جو بلا شبہ ایک تاریخی اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت وزیراعظم عمران خان کے عام آدمی کی فلاح کے وژن کی تکمیل میں پیش پیش ہے اور اس مقصد کے لئے سماجی خدمات کے تمام شعبوں میں عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نیا پاکستان ہاوسنگ پروگرام کے تحت بھی صوبے میں متعدد اسکیموں کا اجراءکیا جا چکا ہے اور سوڑیزئی ہاوسنگ اسکیم سمیت متعدد دیگر منصوبوں پر پیش رفت جاری ہے۔ محمود خان نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت ہاوسنگ اور تعمیرات کے شعبوں کو ترقی دیکر لوگوں کو روزگار اور رہائشی سہولیات فراہم کرنے کے لئے مربوط حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہے اور حکومت کی کوشش ہے کہ ایسے تمام جاری اور نئے منصوبوں کو مقررہ ٹائم لائنز کے مطابق مکمل کیا جائے۔