News Details

11/10/2021

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبائی حکومت کے ترجیحی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو اپنی حکومت کی اہم ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اگلے دو سالوں میں ان منصوبوں کی تکمیل کیلئے انتہائی سنجیدہ ہے

اُنہوں نے واضح کیا ہے کہ عوامی فلاح و بہبود کے ان منصوبوں کی بروقت تکمیل پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،ان منصوبوں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر کے ذمہ دار حکام کے خلاف انضباطی کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور صرف اُن کے تبادلوں پر اکتفا نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ان منصوبوں پر عملی پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے ماہانہ کی بنیادوں پر جائزہ اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ متعلقہ انتظامی سیکرٹریز خود جائزہ اجلاس میں شریک ہو کر اُنہیں پیشرفت سے آگاہ کریں گے ۔ اُنہوںنے محکمہ منصوبہ بندی کو ان اہم منصوبوں کی پیشرفت پرنگرانی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ متعلقہ انتظامی سیکرٹریز بھی اپنے متعلقہ منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے کم ازکم دو ہفتوں میں ایک دفعہ جائزہ اجلاس منعقد کریں گے ۔ وہ پیر کے روز صوبائی حکومت کے ترجیحی منصوبوں پر پیشرفت کاجائزہ لینے کیلئے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ اور وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان کے علاوہ متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں اور دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ ان منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ رواں سال کیلئے بجٹ سازی کے دوران مجموعی طور پر 216 ترجیحی منصوبوں کی نشاندہی کی گئی ہے جن میں سے 94 منصوبے ضم اضلاع کے شامل ہیں، ان منصوبوں میں سے دو منصوبے مکمل کئے گئے ہیں جبکہ 205منصوبوں پر پیشرفت مقررہ ٹائم لائنز کے مطابق جاری ہے ۔مزید بتایا گیا کہ ان منصوبوں کی نگرانی کیلئے آن لائن ٹریکنگ کا سسٹم بھی تیار کرلیا گیا ہے ۔ اجلاس سے اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ حکومت کے پاس وقت کم ہے اور کام زیادہ، اسلئے تمام محکموں کو کام کے روایتی انداز سے ہٹ کرکام کرنا ہو گا تاہم ان تمام منصوبوں پر عمل درآمد کے سلسلے میں صوبائی حکومت کے مروجہ قواعد وضوابط پر عمل درآمد اور ان منصوبوں پر کام کے معیار کو بھی یقینی بنانا ہوگا۔اُنہوںنے محکمہ تعلیم ، صحت اور بلدیات کو اپنی سروس ڈیلیوری مزید بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ تمام محکموں کو خدمات کی فراہمی میں عوامی توقعات کے اوپر پورا اُترنا ہوگا۔