News Details

11/10/2021

خیبرپختونخوا میں عشرہ رحمت ا للعالمین اور عید میلا دالنبی سرکاری سطح پر منانے کے حوالے سے ایک اجلاس پیر کے روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں صوبہ بھر میں اس عشرے کو شایان شان طریقے اور مذہبی جوش و جذبے سے منانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس کے علاوہ ربیع الاول کی مناسبت سے صوبائی سطح پر سیرت کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ بھی کیا گیا ۔ کابینہ اراکین کامران بنگش ، ظہور شاکر کے علاوہ سیکرٹری اوقاف ، عمر خیام اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے بذریعہ ویڈیولنک اجلاس میں شرکت کی ۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی حکومت وزیراعظم عمران خان کی ہدایت کے مطابق عشرہ رحمت اللعالمین بھر پور انداز میں منائے گی اور اس سلسلے میں صوبائی ، ڈویژنل، ڈسٹرکٹ اور تحصیل کی سطح پر مختلف تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا اور اس مقصد کیلئے صوبائی حکومت نے اس مقصد کیلئے ایک جامع ایکشن پلان ترتیب دیا ہے۔انہوںنے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنر ز کو ہدایت کی ہے کہ اس ایکشن پلان پرعمل درآمد کو یقینی بنائیں ۔ وزیراعلیٰ نےیہ بھی ہدایت کی کہ ان تقاریب میں علمائے کرام ، سیاسی رہنماﺅں اور معززین علاقہ سمیت تمام مکاتب فکر سے وابستہ افراد کی شرکت کو یقینی بنایا جائے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ربیع الاول کے حوالے سے تمام سرگرمیوں کی وہ خود نگرانی کریں گے جبکہ ڈویژن کی سطح پر متعلقہ کمشنر اور ڈسٹرکٹ کی سطح پر ڈپٹی کمشنرز ان سرگرمیوں کی نگرانی کریں گے ۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ ان تقاریب میں سیرت النبی اور ریاست مدینہ کے مختلف پہلوﺅں کو اُجاگر کیا جائے گا۔