News Details

10/10/2021

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے مایہ ناز ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔

یہاں سے جاری اپنے تعزیتی بیان میں وزیر اعلی نے مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ ملک و قوم کے لئے مرحوم ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان صحیح معنوں میں محسن پاکستان اور قوم کا سرمایہ تھے جس نے اس ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں گرانقدر خدمات انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کے لئے مرحوم کی گرانقدر خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور قوم ہمیشہ آپ کی احسان مند رہے گی۔درایں اثناء وزیر اعلی نے سابق صدر آزاد جموں کشمیر سردار سکندر حیات خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں وزیر اعلی مرحوم کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے مرحوم کی معفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔