News Details

04/10/2021

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ ضم اضلاع کی تیزرفتار ترقی ان کی حکومت کی ترجیحات کااہم حصہ ہے اور موجودہ حکومت اس مقصد کے لئے ایک جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھار ہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ بحیثیت وزیراعلیٰ ضم اضلاع کے حقوق کے حصول اور وہاں کے لوگوں کو درپیش مسائل کو دور کرنے کے لئے ہر دستیاب فورم پرموثر آواز اٹھائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز ضم شدہ اضلاع سے تعلق رکھنے والے ممبران قومی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ان کے دفتر میں ان سے ملاقات کی اور ضم اضلاع میں جاری ترقیاتی کاموں اور عوامی مسائل کے حل سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ضم اضلاع میں تمام ترقیاتی منصوبے وہاں کے عوام کے منتخب نمائندوں کی بھر پور مشاورت سے ترتیب دیئے جائیں گے اور اس سلسلے میں لوگوں کی ضروریات کو مد نظر رکھا جائیگا اور ایسے منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی جن کافائدہ زیادہ سے زیادہ عوام کو ملے۔ محمود خان نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے سلسلے میں کسی بھی حلقے کے ساتھ کوئی نا انصافی نہیں کی جائے گی اور تمام حلقوں کو ان کا پورا پورا حصہ ملے گا۔ ضم اضلاع میں اسکولوں سے متعلق ممبران قومی اسمبلی کے اٹھائے گئے مسائل کے حل کے لئے وزیراعلیٰ نے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے اعلیٰ حکام کا ایک خصوصی اجلاس طلب کرنے کی ہدایت کی۔ ممبران قومی اسمبلی نے قبائلی اضلاع کی ترقی اور وہاں کے عوامی مسائل کے حل میں ذاتی دلچسپی کے ساتھ کام کرنے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے صوبائی حکومت کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا