News Details
29/09/2021
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے بدھ کی شام کا پجگی روڈ پشاور پر قائم پناہ گاہ کا اچانک دورہ کرکے وہاں پر فراہم کی جانے والی رہائشی سہولیات اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔
وزیر اعلیٰ نے پناہ گاہ میں قیام پذیر افراد سے ملاقات کی اور ان سے پناہ گاہ میں فراہم کی جانے والی سہولیات اور انتظامات کے بارے معلومات حاصل کی۔ انہوں نے اس موقع پر پناہ گاہ میں قیام پذیر مزدوروں کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھایا۔ اس موقع پر اپنے گفتگو میں وزیر اعلیٰ نے پناہ گاہ میں مستحق لوگوں اور مسافروں کیلئے انتظامات اور سہولیات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پناہ گاہوں کا قیام مزدوروں اور دیگر مستحق لوگوں کی فلاح وبہبود کے لئے موجودہ حکومت کا اہم اور غریب پرور اقدام ہے جہاں پر قیام کے لئے آنے والوں کو ان کی عزت نفس مجروح ہوئے بغیر رہائش اور کھانے پینے کی معیاری سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔ پناہ گاہوں کے قیام کو وزیر اعظم عمران خان کے فلاحی ریاست کے وژن کا اہم حصہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت وزیر اعظم کے اس وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لئے کوشاں ہے اور بحیثیت وزیر اعلیٰ وہ کمزور طبقوں کی فلاح و بہبود کے لئے اس طرح کے اقدامات اور منصوبوں کی خود مانیٹرنگ عوامی خدمات اور منصوبوں کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔