News Details

28/09/2021

صوبائی دارالحکومت پشاور میں بجلی کی ترسیل کے نظام کو بہتر بنانے کے سلسلے میں اے بی سی کیبل کی تنصیب پر پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے ایک اجلاس وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت منعقد ہوا

جس میں اے بی سی کیبل کی تنصیب کے منصوبے پر اب تک کی پیشرفت کے علاوہ صوبہ بھر میں بجلی کی ترسیل کو بہتر بنانے کیلئے اُٹھائے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر برائے جنگلات اشتیاق ارمڑ ، اراکین صوبائی اسمبلی انجینئر فہیم ، فضل الٰہی کے علاوہ سیکرٹری توانائی زبیر خان اور پیسکو کے اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس کو اے بی سی کیبل کی تنصیب کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مالی سال 2021-22 میں پشاور سرکل کے 25 فیڈرز میں اے بی سی کیبل بچھائی جائے گی ۔ 11 فیڈرز کیلئے اے بی سی کیبل کی پروکیورمنٹ ہو چکی ہے اور کیبل کی تنصیب کیلئے بہت جلد ٹینڈر جاری کر دیا جائے گاجبکہ باقی ماندہ فیڈرز کیلئے بھی کیبل کی خریداری / پروکیورمنٹ جلد شروع کی جائے گی ۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ اے بی سی کیبل کی تنصیب میں ضلع پشاور اور خیبر کو اول ترجیح دی جائے گی ۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو اے بی سی کیبل منصوبے پر پیشرفت کو تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ اس منصوبے پرجتنا جلدی ممکن ہو ، عملی کام کو یقینی بنایا جائے ۔