News Details

27/09/2021

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے پیر کے روز وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹرفہمیدہ مرزا نے وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں ملاقات کی

جس میں باہمی دلچسپی کے امور خصوصاً صوبے میں کھیلوں کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز، سیکرٹری سپورٹس عابد مجیدبھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفاقی وزیر نے کھیلوں کے فروغ کے سلسلے میں صوبائی حکومت کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ محمود خان کی سربراہی میں صوبائی حکومت کھیلوں کے فروغ کے لئے دورس اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر کھیلوں کے فروغ کے لئے نیشنل سپورٹس پالیسی 2021 کو حتمی شکل دی گئی ہے ، جس پر عملدرآمد کے سلسلے میں صوبائی حکومتوں کا اہم کردار ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق کھیلوں کے فروغ کے لئے مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات کر رہی ہے۔ خیبرپختونخوا کی تاریخ میں پہلی دفعہ ہاکی لیگ کا انعقاد کیا جارہا ہے جس سے نہ صرف صوبے بلکہ پورے ملک میں اس قومی کھیل کو دوبارہ فروغ دینے میں مدد ملے گی ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ 9ماہ کی قلیل مدت میں صوبے میں چار ہاکی اسٹرو ٹرف بچھا ئے گئے ہیں، جبکہ ہاکی ٹرف کے دیگر نو منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔ کرکٹ کے فروغ کے لئے بین الاقوامی معیار کے کرکٹ سٹیڈیم تعمیر کئے جارہے ہیں۔ ہاکی اور کرکٹ کے ساتھ ساتھ دیگر کھیلوں کے فروغ کے لئے بھی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ وزیراعلیٰ نے وفاقی وزیر کو یقین دہانی کرائی ہے کہ صوبائی حکومت نئی نیشنل سپورٹس پالیسی پر عملدرآمد کے سلسلے میں بھر پور تعاون کرے گی ۔