News Details

24/09/2021

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے گزشتہ روز صوبائی دارلحکومت پشاور میں ناصر باغ روڈ کی بحالی اور ورکرز ویلفیئر بورڈ کی نئی عمارت کا افتتاح کیا۔

۔4.5 کلومیٹر طویل ناصر باغ روڈ 150 ملین روپے کی لاگت سے 10 ماہ کی قلیل مدت میں مکمل کیا گیا ہے۔ورکرز ویلفیئر cبورڈ کی نئی عمارت 556 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی ہے جس کا کل رقبہ 8 کنال ہے۔ورکرز ویلفیئر بورڈ کی یہ عمارت دو بیسمنٹ اور پانچ فلور پر مشتمل ہے جبکہ ڈیڑھ سو تک گاڑیوں کی پارکنگ بھی بلڈنگ کا حصہ ہے۔ صوبائی کابینہ اراکین شوکت یوسفزئی ، تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش کے علاوہ ڈپٹی سپیکر صوبائی اسمبلی محمود جان اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے کے تمام اضلاع میں یکساں بنیادوں پر ترقیاتی منصوبے مکمل کررہی ہے ۔ صوبے کے جو پسماندہ اضلاع ہیں ان کو دیگر ترقیافتہ اضلاع کے برابر لانے کیلئے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پلان متعارف کرایا گیا ہے جس میں سڑکوں کی تعمیر ، پینے کے پانی کی فراہمی سمیت دیگر اہم منصوبے شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی درالحکومت میں آمدورفت اور ٹریفک نظام میں بہتری لانے کیلئے اقدامات اُٹھائے جارہے ہیںجن میں نئے جنرل بس سٹینڈ کا قیام، پشاور ناردرن بائی پاس سڑک کی تعمیر سمیت دیگر اہم منصوبے شامل ہیں۔علاوہ ازیں محمود خان نے کہا ہے کہ پشاور ری وائیول پلان پر بھی پیشرفت جاری ہے جس کے تحت صوبائی دارلحکومت میں ٹریفک مینجمنٹ پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ اُنہوں نے کہاکہ پشاور میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے پشاور شہر کی شکل بدل جائے گی ، ٹریفک کے مسائل حل ہوں گے اور عوام کو بہترین سہولیات میسر ہو ں گی ۔