News Details

16/09/2021

صوبے میں امن و امان کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا ایک اجلاس جمعرات کے روز وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔

چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیازاور انسپکٹر جنرل پولیس معظم جاہ انصاری کے علاوہ متعلقہ سول و عسکری حکام، پولیس اور انٹیلجنس اداروں کے افسران نے شرکت کی ۔ اجلاس میں صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور خصوصاً صوبے میں غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی مزید بہتر بنانے سے متعلق اُمور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا اور متعدد اہم فیصلے کئے گئے ۔ اجلاس میں صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کو بہتر بنانےکیلئے سکیورٹی فورسز ، پولیس اور انٹیلیجنس اداروں کے درمیان موثر کوآرڈنیشن کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اس مقصد کیلئے متعلقہ اداروں کو ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ۔ اجلاس میں غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے تمام متعلقہ اداروں اور محکموں کے اشتراک سے جامع لائحہ عمل تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے میں غیر ملکیوں کی سکیورٹی کیلئے صوبائی سطح پر خصوصی سیل قائم کیا گیا ہے جبکہ اضلاع کی سطح پر ایسے خصوصی سیل کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے ۔ مزید بتایا گیا کہ غیر ملکی شہریوں کی حفاظت کیلئے پولیس کی اسپیشل سکیورٹی یونٹ بھی قائم کیا گیا ہے۔ اجلاس کے شرکاءسے اپنے خطاب میں امن و امان کو اپنی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت اس مقصد کیلئے اپنی استعداد اور وسائل سے بڑھ کر اقدامات اُٹھائے گی ۔ اُنہوںنے کہاکہ موجوہ علاقائی صورتحال سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کے متقاضی ہیں اسلئے پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو معمول سے ہٹ کر غیر معمولی اقدامات کرنے ہوں گے ۔ اُنہوںنے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے سلسلے میں پولیس اور دیگر اداروں کو مضبوط بنانے کیلئے درکار مالی وسائل ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرے گی