News Details

09/09/2021

مالی سال 2021-22 کے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی ) میں خیبرپختونخوا کے 33 نئے منصوبوں کو شامل کیا گیا ہے جن میں سے 14 منصوبوں پر عملدرآمد صوبائی حکومت جبکہ 19 منصوبوں پر عملدرآمد وفاقی حکومت کرے گی ۔

خیبرپختونخوا حکومت نے مالی سال 2022-23 کے پی ایس ڈی پی میں صوبے کے ترجیحی منصوبوں کو شامل کروانے کیلئے تیاریاں شروع کی ہے اور اس مقصد کیلئے ابتدائی طور پر مختلف شعبوں میں 66 اہم منصوبوں کی نشاندہی کی گئی ہے جن میں مواصلات کے شعبے میں 13 ، زراعت کے شعبے میں 12 ، آبپاشی کے شعبے میں آٹھ، اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں نو، توانائی کے شعبے میں پانچ، کھیل و سیاحت کے شعبے میں چار منصوبوں کے علاوہ دیگر منصوبے بھی شامل ہیں۔ یہ بات گزشتہ روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت فیڈرل پی ایس ڈی پی سے متعلق منعقدہ ایک اجلاس میں بتائی گئی۔ اجلاس میں فیڈرل پی ایس ڈی پی کے تحت صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت ، رواں مالی سال کے پی ایس ڈی پی میں شامل منصوبوں کی صورتحال اور اگلے پی ایس ڈی پی میں شامل کرنے کیلئے صوبائی حکومت کے مجوزہ منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ اور وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان کے علاوہ متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس میں پی ایس ڈی پی کے تحت صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے وزیراعلیٰ کی زیر صدارت منعقد ہونے والے گزشتہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس کو اگلے پی ایس ڈی پی میں شامل کرنے کیلئے صوبائی حکومت کے مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ ان مجوزہ منصوبوں میں انڈس ہائی وے تا بنوں سٹی سڑک کی ڈیوئیلائزیشن ، ٹل پاڑا چنار روڈ کی بحالی ، مہمند ڈیم سے پشاور شہر کو پانی کی فراہمی ،تمام ضم اضلاع میں سوشل ویلفیئر دفاتر کی تعمیر ، پانچ بندوبستی اضلاع میں سوشل ویلفیئر کمپلیکس کی تعمیر ، درابن میں اکنامک زون کا قیام ، پشاور میں ویمن بزنس پارک کا قیام، ریگی للمہ ٹاﺅن پشاور میں اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر، لوئر دیر میں خال گریٹر واٹر سپلائی سکیم، لوئر چترال میں 495 میگاواٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیراور دیگر اہم منصوبے شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ مالی سال 2022-23 کے فیڈرل پی ایس ڈی پی میں خیبرپختونخوا کے زیادہ سے زیادہ منصوبوں کی شمولیت کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر پیشگی تیاریاںاور لوازمات بروقت مکمل کئے جائیں اور اس مقصد کیلئے تمام نئے منصوبوں کی پی سی ونز،فزبیلٹی اسٹڈیز اور انجینئرنگ ڈیزائن اس سال کے آخر تک مکمل کرکے منظوری کیلئے متعلقہ وفاقی فورم کو ارسال کئے جائیں ۔ اُنہوںنے متعلقہ حکام کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ فیڈرل پی ایس ڈی پی کے تحت جاری منصوبوں پر مقررہ ٹائم لائنز پر پیشرفت اور نئے منصوبوں پر عملی کام کا آغاز کرنے کیلئے ٹینڈرنگ کا عمل بروقت مکمل کرنے کیلئے ضروری اقدامات اُٹھائے جائیں