News Details
21/08/2021
وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت ایجوکیشن ٹیسٹنگ اینڈ ایوالویشن ایجنسی (ایٹا) کے بورڈ آف گورنرز کا 29 واں اجلاس
اجلاس میں بورڈ کے گذشتہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کے سلسلے میں پیشرفت کا جائزہ لینے کے علاوہ متعلقہ دیگر اہم فیصلے بھی کئے گئے۔ اجلاس میں بورڈ نے ایٹا کیلئے سالانہ بجٹ برائے مالی سال2021-22 کی اصولی منظوری دے دی۔ صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش کے علاوہ متعلقہ انتظامی سیکرٹریز ، وائس چانسلر یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور،ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ایٹااور دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں ایٹا کے سروس رولز 2021 کے علاوہ ایٹا کے فنانشل رولز 2021 کے مسودوں کی بھی اصولی منظوری دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی کہ مذکورہ رولز کو محکمہ ہائے قانون اور خزانہ کی توثیق کے بعد صوبائی کابینہ کے سامنے حتمی منظوری کیلئے پیش کیا جائے۔ بورڈ نے ایٹا کے تحت منعقد کئے جانے والے امتحانات کیلئے نئے ایس او پیز کی بھی منظوری دیدی۔ وزیراعلیٰ نے ادارے کی استعداد کار کو مزید بڑھانے اور اس کو جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے اس کی ری سٹرکچرنگ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایٹا کے تحت ہونے والی بھرتیوں میں سو فیصد شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانا صوبائی حکومت کی اہم ترجیح ہے جس کا حتمی مقصد سرکاری سطح پر ٹیسٹنگ کا ایک صاف و شفاف اور مضبوط نظام تشکیل دینا ہے۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ایٹا کے تحت منعقد کئے جانے والے امتحانات کیلئے کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹنگ سسٹم متعارف کرایا جارہا ہے جس میں تمام تر امتحانات کمپیوٹر کے ذریعے ہوں گے اور موقع پر نتائج جاری کئے جائیں گے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ایٹا کیلئے ڈیجٹیل لیب قائم کرنے کیلئے فزبیلٹی اسٹڈی کرانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ایٹا کے پرکیورمنٹ پلان برائے سال 2021-22 کے علاوہ ایٹا کے افسران و دیگر عملے کی استعداد کار کو بڑھانے کیلئے ٹریننگ کلینڈر کی بھی منظوری دیدی گئی۔