News Details

20/08/2021

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے گزشتہ دنوں کراچی میں منی ٹرک پر بم حملے میں سوات کے رہائشیوں کی ہلاکت کے معاملے پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے رابطہ کیا ہے

اور واقعے کی غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کا معاملہ اُٹھایا۔ وزیر اعلیٰ محمود خان نے واقعے کے مجرموں کو گرفتار کرکے انہیں قرار واقعی سزا دے کر متاثرہ خاندانوں کو انصاف دلانے کے اقدامات پر زور دیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں کراچی میں منی ٹرک پر بم حملے کے نتیجے میں سوات سے تعلق رکھنے والے 13 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ اس سلسلے میں وزیر اعلی محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور واقعہ کی غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کے ذریعے کے مجرموں کو قانون کے مطابق سخت سزا دلانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر شریک ہیں اور انہیں ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا۔