News Details
18/08/2021
وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے ہفتے کے روز محکمہ داخلہ میں قائم مرکزی کنٹرول روم اور پولیس کے نئے کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کا الگ الگ دورہ کیا
اور نویں اور دسویں محرم الحرام کے لئے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
محکمہ داخلہ اور پولیس کے اعلی حکام نے وزیر اعلی کو محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات اور تیاریوں کے بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ چیف سیکرٹری کاظم نیاز، انسپکٹر جنرل پولیس معظم جاہ انصاری، سیکرٹری داخلہ اکرام اللہ، کمشنر پشاور ریاض محسود ، سی سی پی او پشاور عباس احسن اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ محرم الحرام کی سکیورٹی انتظامات کے بارے میں وزیر اعلی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں صوبہ بھر میں محرم الحرام کے لئے سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں اوراس مقصد کے لئے پولیس کے 33 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جبکہ ضرورت پڑنے کی صورت میں پاک فوج اور ایف سی کے خصوصی دستوں کی بھی خدمات حاصل کی جاسکتی ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ محرم الحرام کے حوالے سے صوبے کے حساس اضلاع میں سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی کئی ہے ، سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے محرم الحرام کے جلوسوں کی براہ راست مانیٹرنگ کی جارہی ہے، جلوسوں کے روایتی راستوں اور مجالس کے مقامات کے آس پاس علاقوں میں واقع ہوٹلز وغیرہ پر کڑی نظر رکھی گئی ہے۔ وزیر اعلی کو بتایا گیا کہ صوبائی سطح پر محکمہ داخلہ میں قائم مرکزی کنٹرول روم کے علاوہ ڈویژنل اور اضلاع کی سطح پر بھی کمانڈ اینڈ کنٹرول رومز قائم کئے گئے ہیں جن کو آپس میں مربوط کیا گیا ہے ، مزید بتایا گیا کہ کورونا وباءکی صورتحال کے پیش نظر محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے لئے بھی انتظامات کئے گئے ہیں اور مجالس کے اہم مقامات پر کورونا ویکسینیشن سنٹرز بھی قائم کئے گئے ہیں۔ صوبائی دارالحکومت پشاور محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کے بارے میں بتایا گیا کہ دسویں محرم پر پشاور میں 15 جلوس اور آٹھ مجالس منعقد ہوں گی جن کی سکیورٹی کے لئے پولیس کے آٹھ ہزار سے زائد اہلکار تعینات کئے گئے ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ایمرجنسی پلان بھی تشکیل دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں محرم الحرام کی مجالس کے لئے بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے علاوہ جلوسوں کے راستوں اور امام بارگاہوں کے آس پاس صفائی ستھرائی کا خصوصی انتظام بھی کیا گیا ہے۔
وزیر اعلی نے محرم الحرام کے لئے سکیورٹی اور دیگر انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس سلسلے میں انتظامیہ اور پولیس سمیت دیگر متعلقہ اداروں کی کوشش اور انتظامات کی تعریف کی۔
اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محرم کے حوالے سے صوبے میں ابھی تک کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا، ہماری کوشش اور امید ہے کہ دسویں محرم کا دن بھی پر امن گزرے گا۔ وزیر اعلی نے کہا کہ موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں محرم الحرام کی سکیورٹی کے لئے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں ، اس حوالے سے انتظامیہ ، پولیس اور دیگر تمام متعلقہ ادارے ایک پیج پر ہیں،تمام سکیورٹی اداروں کے درمیان کوآرڈینیشن کا ایک مربوط نظام قائم کیا گیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پشاور میں جدید ٹیکنالوجی سے لیس نئے کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر قائم کیا گیا ہے اور اگلے مرحلے میں اس طرح کے جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر دیگر ڈویڑنل ہیڈکوارٹرز میں بھی قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت بدلتی علاقائی صورتحال پر گہری نظر رکھی ہوئی ہے ، موجودہ صورتحال غیر معمولی سکیورٹی انتظامات کا تقاضا کرتی ہیں اس لئے صوبائی حکومت پولیس کو تمام درکار جدید آلات اور ٹیکنالوجی سے لیس کر رہی ہے۔ قبل ازیں وزیر اعلی نے پشاور پولیس کے نئے کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا اور انہیں نئے کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے مختلف پہلوو ¿ں کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔
َِِ