News Details

13/08/2021

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس

خیبرپختونخوا کابینہ کا اجلاس جمعہ کے روز وزیراعلیٰ محمود خان کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہواجس میں 18 ایجنڈا آئٹمز اور 5 اضافی آئٹمز پرتفصیلی غور و خوض کیا گیا ۔ وزیراعلیٰ نے تمام محکموں کے نئے منظور شدہ قوانین کے تحت رولز سے متعلق رپورٹ طلب کی ہے اور کہا ہے کہ ایسے تمام رولز سے متعلق تفصیلی رپورٹ کابینہ کے اگلے اجلاس میں پیش کی جائے ۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جن نئے قوانین کے تحت رولز ابھی تک نہیں بنے متعلقہ محکمے ایک مہینے کے اندر رولز بنا کر کابینہ کی منظوری کیلئے پیش کریں ۔ اُنہوںنے واضح کیا کہ ایک مہینے کے اندر رولز کابینہ میں پیش نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ محکمے کے ذمہ داروں کے خلاف کاروائی ہو گی ۔ صوبائی کابینہ اراکین کے علاوہ قائم مقام چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ، انتظامی سیکرٹریزنے اجلاس میں شرکت کی ۔صوبائی کابینہ نے پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ میں قائم سکلز لیب کو چلانے کے سلسلے میں ٹیکنکل افرادی قوت کی بھرتی کیلئے پی جی ایم آئی کے رولزمیں ترامیم کی منظوری دے دی ہے۔پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ صوبائی محکمہ صحت کے زیر انتظام ایک خود مختار ادارہ ہے جو طب سے متعلق تعلیم و تربیت دینے میں موثر کردار ادا کررہا ہے ۔ پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر کابینہ نے چین اور خیبرپختونخوا کے دو ، دو شہروں کو جڑواں شہر قرار دینے کیلئے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کرنے کی منظوری بھی دی ہے جس کے تحت زی چانگ (Xichang )چائنہ اورہری پور کو جڑوں شہر قر ار دیا ہے جبکہ کومنگ (چائنہ) اور ایبٹ آباد کو جڑواں شہر قراردینے کی تجویز ہے ۔ اس کے علاوہ اجلاس میں ازبکستان کے شہر ترمیز اور پشاور کوبھی جڑواں شہر قرار دینے کیلئے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کرنے کی بھی منظوری دی گئی ۔ کابینہ نے سپیشل پولیس فورس کے 98 شہداءکے ورثا کو شہداءپیکج دینے کی منظوری دے دی ہے ۔ کابینہ نے سکول بیگز کے وزن سے متعلق اہم رولز (KP Schools Bag Limitation of Weight Rules 2021 )کی منظوری دے دی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل صوبائی حکومت نے ایکٹ کی منظوری حاصل کی تھی جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا تھا۔ ان رولز کی منظوری سے بچوں کو بھاری بھرکم بیگز سکول لے جانے سے نجات حاصل ہو گی۔ اور ان کی صحت پر منفی اثرات مرتب نہیں ہوں گے ۔ علاوہ ازیں کابینہ نے مالکان کو رائیلٹی کی ادائیگیوں کے سلسلے میں خیبرپختونخوا پروٹیکڈ فارسٹ مینجمنٹ رولز2005 میں موجود قانونی سقم کو دور کرنے کیلئے ترامیم کی منظوری بھی دی ہے جبکہ ارندو گول میں رکھی ضبط شدہ 1.494 ملین کیوبک فٹ لکڑی کو محفوظ بنانے کیلئے محکمہ جنگلات کو درکار 525 ملین روپے ایڈیشنل گرانٹ کی منظوری بھی دی ہے ۔ اس کے علاوہ کابینہ نے بجلی کی پیداوار میں خود کفالت حاصل کرنے اور زیر تکمیل ونئے ہائیڈل پراجیکٹس کیلئے فنڈز کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے بزنس ماڈل اور سٹرٹیٹجی کے مسودے کی منظوری بھی دی ہے ۔ یہ سٹرٹیٹجی 10 سال کے عرصے پر محیط ہے ۔ مزید برآں صوبائی کابینہ نے پشاور ہائیکورٹ کی سفارشات کی روشنی میں بیرسٹر اسفندریا ولی کو تین سال کیلئے (بی پی ایس۔20) میں ممبر لیگل انوائرمنٹ پروٹیکشن ٹربیونل میں کنٹریکٹ پر تعیناتی کی منظوری دے دی ہے ۔ کابینہ نے سوات میں یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور خیبر میڈیکل یونیورسٹی کیلئے مزید اراضی کی فراہمی کیلئے نظر ثانی نوٹیفکیشن جاری کرنے کی منظوری دی ہے ۔ انجینئرنگ یونیورسٹی کیلئے 20 کنال اور خیبرمیڈیکل یونیورسٹی کیلئے 80 کنال اراضی فراہم کی جائے گی ۔ کابینہ نے خیبرپختونخوا پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ ترمیمی ایکٹ 2021 کی منظوری دی ہے جس کے تحت فرمز کی آن لائن رجسٹریشن ہو سکے گی اور عوام کو فرمز رجسٹر ڈ کرانے میں بڑی سہولت اور آسانی ہو گی ۔ کابینہ نے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت سٹرنتھنگ رول آف لاءپراجیکٹ پر عمل درآمد کیلئے حکومت اور یو این ڈی پی کے مابین کاسٹ شیئرنگ معاہدے کی بھی منظوری دی ہے جس کے تحت صوبائی حکومت منصوبے کی کل 800 ملین روپے لاگت میں سے 200 ملین روپے ادا کرے گی جبکہ 600 ملین روپے یو این ڈی پی فراہم کرے گا۔منصوبے کا مقصد پشاور میں عالمی معیار کی فرانزک لیبارٹری کا قیام ہے جس کیلئے صوبائی حکومت نے پہلے ہی سے ریگی للمہ ٹاﺅن شپ پشاور میں زمین مختص کردی ہے ۔ کابینہ نے خیبرپختونخوا مائنز سیفٹی انسپکشن اینڈ ریگولیشن ایکٹ 2019 کے تحت خیبرپختونخوا کول مائنز رولز 2021 کی منظوری دی ہے ۔ اس کے علاوہ خیبرپختونخوامائنز اینڈ منرل ایکٹ 2017 میں ضروری ترامیم کی منظوری بھی دی گئی ہے ۔ کابینہ نے ویسٹ پاکستان لینڈ ریونیو رولز1968 میں ترامیم منظورکرلیں جس سے ریونیو ریکارڈ میں خرد برد ، کرپشن کے خاتمے ،ٹیکسوں کی لیکج ، سول مقدمات میں کمی کے ساتھ آئن لائن فیسوں اور ٹیکسوں کی وصولی کویقینی بنایا جا سکے گا۔ کابینہ نے کورونا وباءکے پیش نظر اراضی انتقال اور بیع نامہ فیس کی معافی کے فیصلے میں 30 جون 2022 تک توسیع کی بھی منظوری دی۔