News Details
11/08/2021
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت صوبے میں مواصلات کے شعبے میں میگا ترقیاتی منصوبوں پر اب تک کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا
جس میں پشاور ڈی آئی خان موٹروے اور دیر موٹروے کے علاوہ دیگر منصوبوں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس کو ان منصوبوں پر اب تک کی پیشرفت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ 365 کلومیٹر طویل پشاور ڈی آئی خان موٹروے کے پی سی ون کی سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی سے منظوری ہو چکی ہے اور اس منصوبے کو سی پیک میں شامل کرنے کیلئے آئندہ جے سی سی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کرلیا گیا ہے ۔ مزید بتایا گیا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت بھی اس منصوبے پر عملدرآمد کے لئے کمرشل اور فنانشل فیزیبلیٹی کی منظوری ہو چکی ہے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان، سیکرٹری مواصلات اعجاز انصاری،ایم ڈی پختونخوا ہائی ویز اتھارٹی کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس کو دیر موٹروے پر پیشرفت کے حوالے سے بتایا گیا کہ اس منصوبے کے پی سی ون کی منظوری بھی سنٹر ل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی سے ہو چکی ہے ، جبکہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت منصوبے پر عملدرآمد کے لئے کمرشل اور فنانشل فیزبیلیٹی پر کام جاری ہے۔ سوات موٹروے فیزٹو کے حوالے سے بتایا گیا کہ منصوبے کیلئے زمین کی خریداری کے ساتھ ساتھ منصوبے کے دیگر پہلوﺅں پر بھی پیشرفت جاری ہے ۔ وزیراعلیٰ نے ان تمام منصوبوں کو صوبے کی مستقل بنیادوں پر ترقی اور صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے نہایت اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت ان منصوبوں کو بروقت شروع کرنے کیلئے سنجیدہ ہے ۔ اُنہوںنے کہاکہ ان منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف لوگوں کومعیاری سفری سہولیات میسر ہونگی بلکہ صوبے میں تجارتی اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ میں بھی یہ منصوبے معاون ثابت ہو ں گے ۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ مواصلات کے شعبے کے ان اہم مجوزہ منصوبوں پر مقررہ ٹائم لائنز کے مطابق پیشرفت کو یقینی بنایا جائے تاکہ ان منصوبوں پر بروقت عملی کام کا آغاز کیا جاسکے۔