News Details

31/07/2021

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے دیر میں نرسنگ کالج کے قیام کا اصولی فیصلہ کرتے ہوئے محکمہ صحت کے حکام کو اس سلسلے میں ہوم ورک جلد مکمل کرکے حتمی تجاویز منظوری کے لئے پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ چترال اور دیر کے دونوں اضلاع کی آبادی کی ضرورت کے پیش نظر دیر میں نرسنگ کالج کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ ان اضلاع کے ساتھ ساتھ ملحقہ دیگر اضلاع کے نرسنگ طلبہ کو یہ سہولت مقامی سطح پر میسر ہوسکے اور انہیں نرسنگ میں داخلے کے لئے پشاور اور دیگر اضلاع کا رخ نہ کرنا پڑے۔ وزیر اعلیٰ نے محکمہ صحت کے حکام کو اس سال اکتوبر تک رواں سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل شعبہ صحت کے تمام نئے منصوبوں کے پی سی ونز کی متعلقہ فورم سے منظوری کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے تاکہ عوامی فلاح و بہبود کے ان منصوبوں پر بلا تاخیر عملی کام کا آغاز کیا جاسکے۔ وہ گزشتہ روز محکمہ صحت کے ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں محکمہ صحت کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر اب تک کی پیشرفت اور نئے منصوبوں پر عملی کام کا آغاز کرنے سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری صحت امتیاز حسین شاہ، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان، اسپیشل سیکرٹری محمد خالق اور محکمہ صحت کے دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں مقامی سطح پر عوام کو علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے صوبے کے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں عملے، طبی آلات، ادویات اور دیگر ضروریات کی کمی کو پورا کرکے ان مراکز صحت میں سروس ڈیلیوری کو خاطر خواہ حد تک بہتر بنانے سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی غورو خوص کے بعد متعدد اہم فیصلے کئے گئے۔ وزیراعلیٰ نے صوبے کے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولیات کو بہتر اور مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صحت کارڈ پلس اسکیم کے تحت عوام کو علاج معالجے کی مفت سہولیات کو مقامی سطح پر یقینی بنانے کے لئے نچلی سطح کے ان مراکز صحت کو مستحکم بنانے کی اشد ضرورت ہے تاکہ دور دراز علاقوں کے عوام کو علاج معالجے کی یہ مفت سہولیات مقامی سطح پر میسر ہوسکیں اور انہیں اس مقصد کے لئے بڑے شہروں کا رخ نہ کرنا پڑے۔ وزیر اعلیٰ نے محکمہ صحت کے حکام کو ان ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کی کمی کو ترجیحی بنیادوں پر دور کرنے کے سلسلے میں نئی آسامیوں کی تخلیق کے لئے ایس این ایز جلد سے جلد تیار کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے کے سلسلے میں ضم شدہ قبائلی اضلاع کے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو صحت کے شعبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں خصوصا تکمیل کے قریب منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کرکے مقرر وقت تک ان کی تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے محکمہ صحت کے حکام کو پشاور میں بننے والے فاونٹین ہاوس کے لئے طبی آلات کی خریداری کا عمل جلد سے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ وزیراعظم عمران خان خود اس اہم منصوبے کا افتتاح کریں گے