News Details

26/07/2021

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے آزاد جمو ں و کشمیر کے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے اُمیدواروں کی شاندار کامیابی کو سراہا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے آزاد جمو ں و کشمیر کے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے اُمیدواروں کی شاندار کامیابی کو وزیراعظم عمران خان کی پالیسیوں پر عوامی اعتماد کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا سے شروع ہونے والا پی ٹی آئی کی کامیابی کا سفر پنجاب اور گلگت بلتستان سے ہوتا ہوا، اب کشمیر تک پہنچ چکا ہے ۔ کپتان کی قیادت میں تبدیلی کا یہ سفر مزید زور و شور سے جاری رہے گا۔ آزاد کشمیر انتخابات کے حوالے سے پیر کے روز یہاں سے جاری خصوصی بیان میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ مذکورہ انتخابات میں پی ٹی آئی کی برتری پارٹی اور پارٹی قائد عمران خان کی بڑھتی ہوئی عوامی مقبولیت کا ثبوت ہے ۔ پی ٹی آئی کی عوامی مقبولیت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے ، 2023کے عام انتخابات میں پورے ملک میں کپتان کی حکومت ہو گی ۔ محمود خان نے آزاد کشمیر کے عوام کو تبدیلی کی نئی صبح پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ اب آزاد کشمیر میں بھی ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ ملک کے دیگر حصوں کی طرح کشمیر کے عوام نے بھی کرپٹ سیاسی عناصر کو یکسر مسترد کر دیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ عمران خان کی وژنری قیادت میں پاکستان کو ایک عظیم فلاحی اسلامی ریاست بننے سے کوئی نہیں روک سکتا، آزاد کشمیر کے عام انتخابات کے نتائج نے ثابت کر دیا کہ پی ٹی آئی ہی عوام کی واحد نمائندہ جماعت ہے اور عوام اس کی پالیسیوں پر اعتماد کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے پی ٹی آئی اُمیدواروں کو بھر پور کامیابی دلانے پر آزاد کشمیر کے عوام اور پارٹی کارکنان کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ پی ٹی آئی عوام کی توقعات پر پورا اُترے گی اور ملک وقوم کی ترقی و خوشحالی کے سلسلے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گی ۔ <><><><><><><>