News Details
21/07/2021
وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے عید االاضحی کے موقع پر کورونا وبا کی چوتھی لہر کے پیش نظر تمام کابینہ اراکین، پارلیمانی سیکرٹریوں اور ممبران صوبائی اسمبلی کو کورونا ایس او پیز اور دیگر آحتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیر اعلی سیکرٹریٹ نے اس سلسلے میں باقاعدہ ہدایت نامہ جاری کردیا۔ صوبائی وزراء، مشیروں، معاونین خصوصی، پارلیمانی سیکرٹریوں اور ممبران صوبائی اسمبلی کے نام جاری ہدایت نامے میں عید الاضحٰی کے موقع پر کورونا وبا کی چوتھی لہر کے پیش نظر انہیں اپنے آبائی علاقوں، حلقوں اور حجروں میں لوگوں سے عید ملنے اور دیگر عوامی میل جول سے گریز کرنے اور ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی گئی تاکہ چوتھی بار اس وبا کے پھیلاو کو روکا جاسکے۔ دریں اثناءوزیر اعلیٰ نے خود بھی عید سادگی سے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے عوام الناس سے بھی پر زور اپیل کی ہے کہ وہ کورونا وبا کے پھیلاو کے پیش نظر عید سادگی سے اپنے گھروں میں منائیں، ایک دوسرے سے عید ملنے سے گریز کریں، سماجی فاصلوں کے اصولوں پر کاربند رہیں اور دیگر آحتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔ وزیر اعلی نے عوام سے یہ بھی اپیل کی ہے کہ وہ سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے بعد صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں، قربانی کے جانوروں کی آلائشیں مخصوص جہگوں پر ٹھکانے لگائیں اور اس سلسلے میں میونسپل عملے کے ساتھ بھر پور تعاون کریں۔