News Details

21/07/2021

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے عیدالاضحی کے پرمسرت موقع پر پوری قوم اور خصوصاً خیبرپختونخوا کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا وبا کی چوتھی لہرکے پیش نظر عید سادگی کے ساتھ اپنے گھروں میں منائیں ،

احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں اور اپنے آس پاس صفائی کا خاص خیال رکھیں تاکہ عید کے موقع پر کورونا وائرس اور دیگر وبائی بیماریوں کے متوقع پھیلاوکو روکا جا سکے۔ عید الاضحی کے موقع پر یہاں سے جاری اپنے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ عید الاضحی عالم اسلام کے لئے خوشی کا سب سے بڑا تہوار ہے جو ہمیں ایثار ، قربانی، محبت، اتفاق اور ایک دوسرے کے لئے جینے کا درس دیتا ہے۔ اس دن سنت ابراہیمی کی ادائیگی ہمیں اللہ تعالیٰ کی رضاجوئی اور دوسروں کے دکھ سکھ بانٹنے کے لئے سب کچھ قربان کرنے کا احساس دلاتی ہے۔ انہوں نے عوام اور خصوصاً معاشرے کے صاحب ثروت لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ عیدکے اس پر مسرت موقع پر اپنے ارد گرد نادار اور مستحق لوگوں کو اپنی خوشیوں میں ضرور شریک کریں اور یہی اس عظیم اسلامی تہوار کی اصل روح اور انسانیت کی معراج ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عیدالاضحی کا یہ اہم دن ہمیں اللہ تعالیٰ کی رضا اور خوشنودی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اتحاد، اتفاق ، یگانگت، امن اور سلامتی کا درس دیتا ہے جو دین اسلام کا آفاقی پیغام ہے۔وزیراعلیٰ نے عوام سے خصوصی اپیل کی ہے کہ وہ سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے بعد صفائی اور ستھرائی کا خاص خیال رکھیں۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ملکی سرحدوں کی حفاظت پر مامور سیکیورٹی فورسز کے جوانوں، ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجے کے لئے خدمات انجام دینے والے طبی عملے، عید کی خصوصی ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں اور دیگر عملے کوبھی عید کی خصوصی مبارکباد دی ہے۔