News Details

17/07/2021

امن و امان سے متعلق صوبائی کابینہ کا خصوصی اجلاس وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت جمعہ کے روز منعقد ہوا

جس میں پڑوسی ملک افغانستان کی بدلتی صورتحال کے تناظر میں صوبے کے امن و امان سے متعلق اُمورکا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں افغانستان کیبدلتی صورتحال کے صوبے پر پڑنے والے متوقع اثرات اور اُن سے موثر انداز میں نمٹنے کیلئے لائحہ عمل اور تیاریوں پر غور کیا گیا۔ صوبائی وزراءکے علاوہ چیف سیکرٹری ، انسپکٹر جنرل پولیس ، ڈویژنل کمشنرز ، ریجنل پولیس افسران اور دیگر متعلقہ حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی ۔ پولیس کے اعلیٰ حکام کی طرف سے اجلاس کو صوبے میں امن و امان کی مجموعی اور تازہ صورتحال ، آنے والے دنوں میں متوقع چیلنجز ، اُن سے نمٹنے کیلئے پولیس کی تیاریوں، درکار ضروریات اور دیگر متعلقہ اُمورکے حوالے سے تفصیلی بریفینگ دی گئی ۔ صوبائی کابینہ نے کسی بھی متوقع صورتحال سے موثر انداز میں نمٹنے کے سلسلے میں پولیس اور اس کے ذیلی اداروں کو مستحکم بنانے کیلئے پولیس کو درکار تمام مالی وسائل ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے پولیس کے موجودہ وسائل کو بہتر اور موثر انداز میں استعمال میں لانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس میں ڈویژنل کمشنرز اور ریجنل پولیس افسران کو نچلی سطح پر پولیسینگ کے نظام کو بہتر بنانے اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھنے کیلئے کوآرڈینیشن کو بہتر بنانے اور اپنے متعلقہ ریجن میں امن و امان کی صورتحال کوبرقرار رکھنے کیلئے لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ۔ کابینہ نے پولیس کو تمام خالی آسامیوں پر بھرتیوں کا عمل جلد شروع کرنے اور درکار آلات کی خریداری کیلئے ترجیحات کا تعین کرنے کی ہدایت کی ۔ کابینہ نے صوبے میں امن و امان کے سلسلے میں پولیس کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کیلئے پولیس کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے ، خیبرپختونخوا پولیس نے مشکل اوقات میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور آئندہ بھی صوبے کے عوام اور حکومت کی توقعات پر پورا اُترے گی ۔ اجلاس کے شرکاءسے اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ نے موجودہ صورتحال میں پولیس کی پیشگی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت اور صوبے کے عوام پولیس کے ساتھ کھڑے ہیں،پولیس کی ضروریات کا بھر پور خیال رکھاجائے گا، ان کی تمام تر ضروریات ترجیحی بنیادوں پر پوری کی جائیں گی اور اس سلسلے میں وسائل کی کمی کو کسی صورت آڑے آنے نہیں دیا جائے گا تاکہ اسے کسی بھی صورتحال سے موثر اندازمیں نمٹنے کیلئے ہر لحاظ سے تیار کیا جا سکے ۔ اُنہوںنے کہاکہ لوگوں کا تحفظ اور صوبے میں امن و امان کو برقرار رکھنا صوبائی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور حکومت کسی صورت اپنی اس اہم ذمہ داری سے غافل نہیں ۔ <><><><><><>