News Details

14/07/2021

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے منگل کے روز چیف ایگزیکٹو آفیسر پیسکو اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹیسکو سمیت دیگر متعلقہ حکام کا اجلاس طلب کیا ہے

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبے کے بعض علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ خصوصاً امتحانی مراکز میں بجلی کی فراہمی میں تعطل کا نوٹس لیتے ہوئے منگل کے روز چیف ایگزیکٹو آفیسر پیسکو اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹیسکو سمیت دیگر متعلقہ حکام کا اجلاس طلب کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے پیسکو اور ٹیسکو کے اعلیٰ حکام کو صوبے میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے جاری سالانہ امتحانات کے دوران امتحانی مراکز میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو ہر لحاظ سے یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ امتحانات کے دوران امتحانی مراکز میں بجلی کی فراہمی میں تعطل کسی صورت قبول نہیں۔ وزیر اعلیٰ نے حکام کو مزید ہدایت کی کہ گرمی کے موسم میں شہری علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کو کم سے کم کرنے اور لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لئے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے صوبے میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے مسئلے پر مستقل بنیادوں پر قابو پانے کے لئے بجلی کے انفراسٹرکچر کی بہتری کے لئے جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی اور کہا کہ صوبائی حکومت ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے درکار مالی وسائل کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔