News Details

04/07/2021

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے اٹک میں مبینہ طور پر پولیس کی طرف سے چلتی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے معاملہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ساتھ اٹھالیا۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے اٹک میں مبینہ طور پر پولیس کی طرف سے چلتی گاڑی پر فائرنگ سے دیر کے رہائشی ایک شخص کی ہلاکت اور دوسرے کے زخمی ہونے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے معاملہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ساتھ اٹھالیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر واقعے میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی کو معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ اس سلسلے میں اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ محمود خان نے اٹک پولیس کے اس اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ماورائے قانون اقدام قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ واقعے میں ملوث پولیس اہلکاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور تحقیقات کی روشنی میں ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں مزید کہا ہے کہ صوبائی حکومت متاثرہ خاندان کے ساتھ ہے اور انہیں مکمل انصاف فراہم کیا جائے گا۔ دریں اثنائ وزیر اعلیٰ نے متاثرہ خاندان سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور واقعے میں زخمی شخص کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی ہے