News Details
03/07/2021
وزیراعظم نے اپنے خطاب میں ایک تاریخ رقم کردی ہے۔ وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان
وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے قومی اسمبلی میں وزیر اعظم عمران خان کے خطاب کو جراتمندانہ اور دلیرانہ خطاب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں ایک تاریخ رقم کردی ہے اور ان کے ایک جامع، موثر اور مدلل خطاب نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ اس سلسلے میں یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے اپنے اس تاریخی خطاب کے ذریعے قوم کے لئے ایک با وقار انداز میں جینے کا راستہ متعین کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے خطاب نے قوم کو امید دی ہے اور ان کی ولولہ انگیز قیادت میں انصاف، انسانیت، خود داری اور قومی وقار کے سنہرے اصولوں کے مطابق نیا پاکستان دنیا کے نقشے پر ابھر رہا ہے۔ وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ ماضی کے لیڈروں نے ملکی خود داری کے سودے کئے اور ملکی عزت کو گروی رکھ کر ذاتی مفادات حاصل کئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے ملکی وقار کے لئے پر خطر راستوں کا انتخاب کیا ہے لیکن اللہ تعالیٰ خود پر بھروسہ کرنے والوں کو مایوس نہیں کرتا، اب قوم کو ملک کی خودداری اور عزت وقار کے لئے اٹھ کھڑا ہونا ہوگا۔ وزیر اعلی کا مزید کہنا تھا کہ ملک کو گروی رکھنے والوں کا کڑا احتساب ہوگا اور ملک کو ریاست مدینہ بنانے کا خواب عمران خان کی قیادت میں شرمندہ تعبیر ہوگا۔