News Details

02/07/2021

صوبے کی تاریخ میں پہلی دفعہ مالی سال کے شروع ہی میں تمام جاری ترقیاتی منصوبوں کیلئے سو فیصد فنڈز جاری کئے گئے ہیں

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے نئے مالی سال کے پہلے ہی دن تمام جاری ترقیاتی منصوبوں کیلئے سو فیصد فنڈز کے اجراءکو صوبائی حکومت کا ایک تاریخ ساز اور انقلابی قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی دفعہ مالی سال کے شروع ہی میں تمام جاری ترقیاتی منصوبوں کیلئے سو فیصد فنڈز جاری کئے گئے ہیں ۔ صوبائی حکومت کے اس اقدام سے عوام کے فلاح و بہبود کے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے گااور ان کے ثمرات بلا تاخیر عوام تک پہنچ سکیں گے ۔ اس سلسلے میں وزیراعلیٰ نے تمام صوبائی محکموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ ترقیاتی منصوبوں پر ٹائم لائنز کے مطابق عملی پیشرفت اور مالی سال کے آخر تک جاری کردہ ترقیاتی فنڈز کے سو فیصد استعمال کو یقینی بنانے کے لئے ابھی سے عملی اقدامات کا سلسلہ شروع کریں۔ یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت نے عوام کے ساتھ جو وعدے کئے ہیں اُنہیں ایک ایک کرکے پورا کیا جارہا ہے اور اُن اقدامات کو خصوصی توجہ دی جارہی ہے جن کا براہ راست تعلق عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے سے ہے۔اُنہوںنے مزید کہاکہ صوبائی حکومت نے نئے مالی سال کیلئے ایک تاریخی بجٹ پیش کیا ہے جس کو عوامی سطح پر بڑی پذیرائی ملی ہے ، نئے مالی سال کے بجٹ پر عمل درآمد سے یہ صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا اور لوگوں کی زندگیوں میں خوشحالی آئے گی ۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ان کی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے، جسے نئے مالی سال کے بجٹ میں خصوصی توجہ دی گئی ہے اور اگلے دو سالوں میں متعدد میگا منصوبوں کے علاوہ عوامی فلاح و بہبود کے سینکڑوں دیگر منصوبے بھی مکمل کئے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت تمام اضلاع کی یکساں اور پائیدار بنیادوں پر ترقی پر یقین رکھتی ہے اور اس مقصد کے لیے 61 ارب روپے مالیت کا ضلعی ترقیاتی منصوبہ ترتیب دیا گیا ہے جس سے ترقی یافتہ اور پسماندہ اضلاع میں ترقی کی تفریق کا خاتمہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت سمیت دیگر سماجی شعبوں میں عوامی خدمات اور سہولیات کی فراہمی کو بہتر بنانے اور انہیں عوامی توقعات سے ہم آہنگ کرنے کے لئے نئے بجٹ میں ان شعبوں پر خصوصی توجہ دی گئی ہے اور ان کے ترقیاتی بجٹ میں ریکارڈ اضافہ کیا گیا ہے۔